22 December, 2024


دارالاِفتاء


زید کی والدہ ایک مشہور ومعروف کارخانے میں قلی کا کام کرتی ہے جہاں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں آدمی کام کرتے ہیں۔ زید کی والدہ بلا پردہ غیر محرم مستریوں کو اینٹ، گارہ وغیرہ دیتی ہے اور بلا پردہ قریب ڈیڑھ میل راستہ روزانہ آتی جاتی ہے۔ راہ میں ہزاروں غیر محرم مرد ملتے ہیں ۔ زید اس چیز کو برا نہیں مانتا ہے بلکہ اسی کمائی کے روپیہ سے کھاپی کر جوان ہوا۔ بفضلہ تعالی زید کے والد بھی باحیات ہیں اور زید خود تنخواہ دار امام ہے۔ لہذا زید کے پیچھے از روے شرع نماز پڑھنا کیسا ہے اور اس کا امامت کرنا کیسا ہے؟ مفصل جواب لکھیں۔

فتاویٰ #1951

----بسم اللہ الرحمن الرحیم :----- الجواب:---- زید کی ماں زید کی پیدائش سے پہلے یا زید کے بالغ ہونے سے پہلے کیا کر رہی تھی ۔ اس سے زید پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ اس وقت زید مکلف ہی نہیں تھا۔ اس وقت زید کی ماں کیا کر رہی ہے اگر اب بھی اسی طرح مزدوری کررہی ہے اور زید اس پر راضی ہے تو ہرگز اس لائق نہیں کہ امامت کر سکے۔ رضا بالاثم اثم (گناہ پر راضی ہونا گناہ )ہے۔ قرآن مجید میں ہے: اِنَّكُمْ اِذًا مِّثْلُهُمْ١ؕ ۔ اور اگر زید کی ماں اب یہ کام نہیں کرتی یا بالفرض کرتی ہے مگر زید اس پر راضی نہیں تو زید پر کوئی الزام نہیں۔ قرآن مجید میں ہے: وَ لَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِّزْرَ اُخْرٰى١ۚ ۔ اس صورت میں زید کی امامت بلا شبہہ درست ہے۔ واللہ تعالی اعلم---(فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵(فتاوی شارح بخاری))---

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved