20 September, 2024


ہاسپٹل


الجامعۃ الاشرفیہ میں اشرفیہ ہاسپیٹل کا افتتاح

۶؍دسمبر ۲۰۱۰ء بعد نمازِ مغرب اجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور کے کیمپس میں واقع اشرفیہ ہاسپیٹل کے افتتاح کے موقع پر فاتحہ خوانی کا پروگرام ہوا، جس میں غوث اعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے توشہ شریف پر طریقہ غوثیہ کے مطابق فاتحہ ہوئی۔الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور کے اساتذہ، طلبہ اور مبارک پور کے دین دار لوگوںنے بڑی تعداد میںشرکت کی ،تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد توشہ پر ایصالِ ثواب کیا گیا۔ شجرہ خوانی الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور کے سربراہِ اعلیٰ عزیز ملت حضرت علامہ عبد الحفیظ صاحب قبلہ مد ظلہ العالی نے کی اور امتِ مسلمہ کی فلاح و ترقی اور خاص طور پر اشرفیہ ہاسپیٹل کی کامیابی و کامرانی کے لیے دعائیں کیں۔

اشرفیہ ہاسپیٹل کے افتتاح کی اس نورانی تقریب میں شیخ الجامعہ حضرت مولانا محمد احمد مصباحی، مولانا نصیر الدین عزیزی، مولانا نعیم الدین عزیزی ، مفتی زاہد علی سلامی، جناب عبد العلی عزیزی اور ناظمِ اعلیٰ حاجی سرفراز احمد اور نائب صدر صوفی نظام الدین وغیرہ نےبھی شرکت فرمائی۔ اس طرح عزیز ملت حضرت سربراہِ اعلیٰ دامت برکاتہم العالیہ نے اسلامی طریقے پر اشرفیہ ہاسپیٹل کا افتتاح فرما کر خدمتِ خلق کے ایک مبارک سلسلے کا آغاز فرمایا۔

اشرفیہ ہاسپیٹل کے افتتاح کی اس نورانی تقریب میں شیخ الجامعہ حضرت مولانا محمد احمد مصباحی، مولانا نصیر الدین عزیزی، مولانا نعیم الدین عزیزی ، مفتی زاہد علی سلامی، جناب عبد العلی عزیزی اور ناظمِ اعلیٰ حاجی سرفراز احمد اور نائب صدر صوفی نظام الدین وغیرہ نےبھی شرکت فرمائی۔ اس طرح عزیز ملت حضرت سربراہِ اعلیٰ دامت برکاتہم العالیہ نے اسلامی طریقے پر اشرفیہ ہاسپیٹل کا افتتاح فرما کر خدمتِ خلق کے ایک مبارک سلسلے کا آغاز فرمایا۔

دوسرے دن ۷؍ دسمبر بروز منگل ایک عظیم الشان پروگرام بھی ہوا، جس کی صدارت ملک کے ہر دل عزیز سیاسی لیڈر جناب عبد العلی عزیزی صاحب نے کی، جب کہ پروگرام کی نظامت پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر عبد الاول نے کی۔ڈاکٹر عبد الاول راعینی نے اشرفیہ ہاسپیٹل کی ضرورت اور اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقہ میں کوئی معیاری نرسنگ ہوم نہ ہونے کی وجہ سے اشرفیہ کے ہزاروں طلبہ اور قرب و جوار کے لوگ کافی پریشانی کا شکار تھے۔ لیکن اب اشرفیہ ہاسپیٹل سے ان کی میڈیکل پریشانوں کا ازالہ ہو گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ہاسپیٹل بہت جلد ایک اہم مقام حاصل کر لے گا، جس میں ہر قسم کی سہولیات دست یاب ہوں گے۔

پروگرام کا آغاز قاری جنید عالم کی تلاوتِ کلامِ پاک اور شکیل مبارکپوری کی استقبالیہ نظم سے ہوا۔ اس کے بعد کان پور یونیورسٹی کے لکچررڈاکٹر دل نواز رضا صاحب نے عوام کو خطاب کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ عن قریب الجامعۃ الاشرفیہ میں حافظِ ملت طبیہ کالج کی بنیاد بھی رکھی جائے گی۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شمیم احمد صاحب چیئر مین نگر پالیکا مبارک پور نے کہا کہ مسلمانوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی سخت ضرورت ہے، اس کے بغیر مسلم قوم کامیاب نہیں ہو سکتی۔

پروگرام کے مہمانِ خصوصی یشونت سنگھ ایم.ایل.سی. نے عوام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الجامعۃ الاشرفیہ سماج کا ایک ایسا مضبوط قلعہ ہے جہاں سے سب کو فیض ملتا ہے، انھوں نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ اور یہاں کی بنارسی ساڑی صنعت کی وجہ سے آج یہ سرزمین پوری دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتی ہے۔ اور اس پہچان کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

صدر اجلاس قومی پس ماندہ طبقات کمیشن کے سابق رکن عبد العلی عزیزی نے کہا کہ کوئی بھی کام کرنے اور ترقی کے منازل طے کرنے کے لیے نیک نیتی اور عزم و حوصلہ کی ضرورت ہے۔ رونے دھونے اور دوسروں پر نا انصافی اور تنگ نظری کا الزام لگانے سے کچھ بھی ملنے والا نہیں ہے۔ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ آج کا مسلمان اسی ڈگر پر چل رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ ترقی کرنے کے بجاے مزید تنزلی کے غار میں گرتا جا رہا ہے۔عزیزی صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا اثاثہ صوفی سنتوں کا پیغام اور ان کی انسانیت نوازی ہے۔ اس کے سہارے ہم خود کو اور اپنے ملک کو آگے لے جا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں مسلمانوں سے کہنا چاہوں گا کہ وہ ترقی کی جانب اپنے قدم بڑھائیں۔ انھوں نے اشرفیہ ہاسپیٹل کو مرکزی حکومت سے ایک ایکس رے مشین دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اسپتال کو ایک میڈیکل موبائل وین دلانے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر الجامعۃ الاشرفیہ کے ناظمِ اعلیٰ حاجی سرفراز احمد، نائب صدر الحاج صوفی نظام الدین، نائب ناظم جناب مہدی حسن پردھان، محاسب ابو بکر، اشرفیہ ہاسپیٹل کے منیجر ڈاکٹر عبد الخالق انصاری، اشرفیہ ہاسپیٹل کے انچارج میڈیکل افسر ڈاکٹر فہیم عزیزی، ڈاکٹر جاوید، ڈاکٹر فخر عالم، ڈاکٹر فرید احمد، ڈاکٹر رضوان احمد، اسلامیہ ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر قمر الہدیٰ انصاری، عبد اللہ پبلک اسکول کے منیجر ضمیر احمد، اقرا پبلک اسکول کے منیجر شکیل احمد سہارا،اساتذہ و طلبہ، سیاسی و سماجی کارکنان اور معزز افراد بھی موجود تھے۔

اشرفیہ ہاسپیٹل کے انچارج ڈاکٹر فہیم عزیزی نے بتایا کہ حافظ ملت طبیہ کالج کی کارروائی اپنےآخری مرحلے میں ہے، انشاء اللہ جلد ہی جامعہ اشرفیہ میں حافظ ملت طبیہ کالج کا افتتاح بھی ہوگا۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved