20 September, 2024


لائبریری


عربی لائبریری

عربی زبان وادب پڑھنے اور سمجھنے کے لیے ’’مکتبة اللغة العربیة‘‘کا قیام عمل میں آیا ہے۔ جس میں عربی زبان وادب کی کتابیں جمع کی گئی ہیں تاکہ قدیم وجدید نثری وشعری اسلوب سے طلبہ اشرفیہ واقف ہوتے رہیں۔ اس میں عالم عرب سے اخبارات ورسائل منگانے کا بطور خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

امام احمد رضا لائبریری

طلبہ کے لیے درسی کتابوں کا انتظام آغاز مدرسہ سے ہی اشرفیہ کے ذمہ رہا ہے۔ اس لیے امام احمد رضا لائبریری میں درسی وغیر درسی کتابوں کا وافر ذخیرہ ہے۔ اس میں تفسیر، حدیث ، اصول حدیث، فقہ ، اصول فقہ، عربی ادب، تاریخ اسلام، سیرت، تصوف، منطق، فلسفہ، میراث اور مناظرہ وغیرہ کی بھی ہزاروں کتابیں ہیں۔ طلبہ کو ان کی جماعت کے حساب سے شوال میں کتابیں تقسیم کی جاتی ہیں۔ جنہیں وہ سالانہ امتحان کے بعد جمع کر دیتے ہیں۔ اس لائبریری کا قیام ۱۳۹۵ھ / ۱۹۷۵ء میں عمل میں آیا تھا۔ اب اس کی مستقل عمارت بنام ’’امام احمد رضا لائبریری‘‘ہے۔

اشرفی دار المطالعہ

اشرفیہ سے متعلق سب سے قدیم لائبریری اشرفی دار المطالعہ ۱۳۵۵ھ / ۱۹۳۶ء میں قائم ہوا۔ طلبہ اشرفیہ اسی وقت سے علمی استفادہ کر رہے ہیں۔ دینی، علمی ، تاریخی اور ادبی ذخیرہ کتب سے اپنی تشنگی بجھانے کے ساتھ عربی اور عام معلومات میں اضافہ کررہے ہیں۔ اردو، عربی اور انگریزی کے اخبارات و رسائل کا بھی اس دار المطالعہ میں روزانہ مطالعہ کرتے رہتے ہیں۔ اس میں مختلف علوم وفنون کی ہزاروں کتابوں کے ساتھ بہت سے نادر مخطوطات بھی ہیں نیز قدیم ونایاب رسائل وجرائد کا بھی وافر ذخیرہ ہے۔

مفتی شریف الحق دار الافتا

الجامعۃ الاشرفیہ کے دار الافتا میں ہر ماہ سیکڑوں مذہبی سوالات آتے ہیں اور یہاں سے ان کے مستند جوابات دیے جاتے ہیں۔ دارالافتا کی اپنی لائبریری بھی ہے، اس میں فقہ وفتاوی اور دیگر متعلقہ علوم وفنون کی تقریبا سبھی ضروری کتابیں موجود ہیں۔ دارالافتا میں کمپیوٹر کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ شارح بخاری حضرت مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ (متوفی ۶؍ صفر ۱۴۲۰ھ/ ۱۱؍مئی۲۰۰۰ء) کے بعد (شوال ۱۴۲۱ھ/ جنوری ۲۰۰۱ء سے مئی ۲۰۰۳ء تک) محدث کبیر حضرت علامہ ضیاء المصطفیٰ قادری مدظلہ العالی نے صدر شعبہ افتا کی حیثیت سے خدمت انجام دیا۔ ان کے بعد حضرت علامہ مفتی محمد نظام الدین رضوی مصباحی مدظلہ العالی صدر شعبہ افتا کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جب کہ دیگر مفتیان کرام اور معاونین کی تعداد اس وقت دس ہے۔ اس میں تربیت افتا کا بھی دو سال کا مکمل کورس ہے جس میں باذوق فارغین درس نظامی کا داخلہ لیا جاتا ہے اور فقہ کی بنیادی کتابوں کا مطالعہ اور فتوی نویسی کی مشق کرائی جاتی ہے۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved

school