22 December, 2024


دارالاِفتاء


نجف علی ایک برادر اسلام ہے اس نے اپنی ایک لڑکی کی شادی کی، لڑکی سسرال گئی۔ کچھ دنوں بعد لڑکی نجف علی کے پاس گھر واپس آگئی۔وہی لڑکی ایک ہندو کے گھر میں رات دن رہتی ہے۔ اس کے یہاں کھانا، پینا، بنانا اور اس کے گھرمیں کام کاج میں لگی رہتی ہے۔ رات میں بھی اسی کے گھر میں سوتی ہے، وہی لڑکی نجف علی کے گھر میں ماں باپ کے پاس آتی جاتی ہے، نجف علی کی بیوی بھی اس کے (ہندو کے گھر) آتی جاتی رہتی ہے۔ نجف علی کو چند مسلمانوں نے، جناب صدر عبد القیوم صاحب نے اسے بہت سمجھایا کہ اپنی لڑکی کو جو کہ رات دن ہندو کے گھر میں رہتی ہے پھر تمہارے یہاں بھی آتی جاتی رہتی ہے یہ اچھی چیز نہیں ہے، اپنی لڑکی کو گھر میں اپنے پاس رکھو۔ اگر تم سے نہیں ہو سکتا تو اپنی لڑکی ہمارے گھر کر دو ہم سے کھانا کپڑا لےگی۔ عزت کے ساتھ ہمارے پاس رہے گی۔ پھر بعد میں جیسا ہوگا دیکھا جائے گا۔ مگر نجف علی کسی کی بات نہیں مانا وہی کام چلتا رہا۔ اس وجہ سے نارتھ جھگڑا کھانڈکاری کی جماعت نے نجف علی کو جماعت سے ترک (الگ) کر دیا ہے ۔ علماے دین بذریعہ شریعت اطلاع فرمائیں کہ: (۱) نجف علی مسجد میں اذان دے سکتا ہے یا نہیں؟ (۲) نجف علی مسجد میں تکبیر کہہ سکتا ہے یا نہیں؟ (۳) نجف علی مسجد میں پیش امامت کر سکتا ہے یا نہیں؟ (۴) نجف علی مسجد میں بھرے ہوئے پانی کی ٹنکی سے پانی نکال سکتا ہے یا نہیں؟ (۵) نجف علی میلاد میت میں ،قبرستان جا سکتا ہے یا نہیں؟ (۶) نجف علی سے سلام کرنا کیسا ہے؟ یا سلام کا جواب دینا کیسا ہے؟ (۷) نجف علی کو جماعت سے ترک کردینے کے بعد نجف علی کو یا اس کی بیوی بچوں کو کھانا پینا کھلانا ، کچھ امداد کرنا کیسا ہے؟ علماے دین بذریعہ شریعت اطلاع فرمائیں کہ ایسے شخص (نجف علی) کے لیے شریعت کیا حکم فرماتی ہے؟

فتاویٰ #1466

بسم اللہ الرحمن الرحیم- الجواب ــــــــــــ: یہ شخص نہ اذان کہہ سکتا ہے، نہ تکبیر کہہ سکتا ہے، نہ امام بنایا جا سکتا ہے۔ مسجد میں آسکتا ہے، مسجد کی ٹنکی سے وضو کر سکتا ہے۔ اس کی کسی طرح کی کوئی امداد ہر گز ہرگز نہیں کرنی چاہیے۔ اسے اور اس کے گھر والوں کو کھانا ہر گز نہ کھلائیں۔ جب تک کہ یہ توبہ نہ کرے اور جب تک کہ اپنی اس لڑکی کو ہندو کے گھر سے واپس نہ لائے، اور اس کے گھر جانے سے نہ روکے۔ یا پھر اس لڑکی سے قطع تعلق نہ کر لے۔ واللہ تعالی اعلم(فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵ (فتاوی شارح بخاری))

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved