بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب: شریعتِ مطہرہ کے احکام کی پابندی ہی میں مسلمانوں کی صلاح و فلاح منحصر ہے۔ شریعتِ مطہرہ عین مصلحت ہے، کیوں کہ شریعتِ مطہرہ اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب محمد رسول اللہ کا حکم ہے۔ اللہ و رسول جل جلالہ و صلی اللہ علیہ وسلم ہم پر ہمارے ماں باپ، اعزہ و احباب بلکہ خود ہم سے زیادہ مہربان ہیں ۔ قرآن مجید میں ہے: وَھُوَ اَرْحَمُ الرَّاحِمِیْنَ۔ اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ رحم فرمانے والا ہے۔ اسی کا ارشاد ہے: وَمَا اَرْسَلْنٰکَ اِلَّا رَحْمَۃً لِّلْعٰلَمِیْنَ۔ اے محبوب ہم نے آپ کو کل جہان کے لیے رحمتِ کاملہ بنا کر بھیجا ۔ دوسری جگہ ارشاد فرمایا: وَبِالْمُؤْمِنِیْنَ رَؤُفٌ رَّحِیْمٌ۔ محمد رسول اللہ ﷺ ایمان والوں پر بہت ہی مہربان نہایت ہی رحم فرمانے والے ہیں ۔ یہ ہو سکتا ہے کہ ہماری سمجھ میں نہ آئے، ہم اپنی بے سمجھی سے شریعت کے احکام میں اپنا نقصان اور اس کے خلاف میں مصلحت سمجھیں مگر یہ محض ہماری نادانی ہے۔ قرآن مجید میں فرمایا: عَسٰی اَنْ تَکْرَہُوْا شَیْئًا وَ ھُوَ خَیْرٌ لَّکُمْ وَ عَسٰی اَنْ تُحِبُّوْا شَیْئًا وَ ھُوَ شَرٌّ لَّکُمْ وَاللّٰہُ یَعْلَمُ وَ اَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ۔ قریب ہے کہ تم کسی چیز کو ناپسند کرو، حالاں کہ وہ تمھارے لیے مفید ہے اور تم کسی چیز کو پسند کرو حالاں کہ وہ تمہارے لیے مضر ہے اور اللہ جانتا ہے تم نہیں جانتے۔ لہٰذا ثابت ہوا کہ پنچایت قانون کو یا قومی اصول جو شریعت کے خلاف ہے وہ ہمارے لیے مضر ہے اور جو شریعت کا حکم ہے وہ ہمارے لیے مفید ہے۔ امانت کی حفاظت کرتے ہوئے اگر امانت ضائع ہو جائے تو امانت دار پر تاوان نہیں ، یہ شریعتِ مطہرہ کا حکم ہے۔ اس کے خلاف جو پنچایت کا اصول ہے وہ ہر گز قابلِ تسلیم نہیں ۔ زید ان بالیوں کا امین تھا اور حفاظت کرتے ہوئے ضائع ہو گئیں ، لہذا زید پر ان بالیوں کا تاوان نہیں ۔ پنچوں کا اس پر خفگی کا اظہار کرنا ، پھبتی کسنا، سخت ترین جہالت، سخت حرام جرم شرعی اور بغاوت ہے اور باوجود مسئلہ جانتے ہوئے اور حکمِ شرعی اور حکم پر مطلع ہوتے ہوئے زید کا ایسے لوگوں کو پنچ ماننا اور حکم ماننا بھی حرام و جرمِ شرعی ہے۔ ایسی حالت میں لوگوں کا مشورہ دینا کہ پنچ مان لو، یہ بھی حرام و جرمِ شرعی ہے لہذا اگر یہ واقعہ صحیح ہے تو زید اور پنچ اورمشورہ دینے والے سب گنہ گار ہیں ، سب مجرم ہیں ، سب پر توبہ لازم ہے۔واللہ تعالیٰ اعلم(فتاوی حافظ ملت)
Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia
All rights reserved
05462-250092
info@aljamiatulashrafia.org