8 September, 2024


دارالاِفتاء


ہماری مسجد کے پیش امام صاحب کی صبح کی نماز قضا تھی، انھوں نے بقر عید کی نماز سے پہلے قضا نماز ادا کرنے کے بعد بقر عید کی نماز پڑھائی۔ زید نے امام صاحب سے پوچھا کہ آپ نے کون سی نماز پڑھی؟ امام صاحب مصلحت کی بنا پر بولے کہ میں نفل نماز پڑھا ہوں۔ اس لیے کہ قضا نماز کو ظاہر نہ کرنا چاہیے۔ زید نے کہا کہ کتاب میں لکھا ہے کہ نفل نماز نہ پڑھنا چاہیے۔ امام صاحب نےمصلحت کومد نظر رکھتے ہوئے کہا کہ اچھا کتاب لاؤگے تو میں دیکھوں گا۔ اب زید امام صاحب کوبغیر معلوم کرائے لوگوں کے سامنے ان کی توہین کرتا ہے۔ ان کے پیچھے ہم کیا نماز پڑھیں، امام صاحب ایسا کام کرتے ہیں، اس طرح زید لوگوں میں فتنہ پیدا کر رہا ہے۔ لہذا زید کے لیے حکم شرعی کیا ہے؟

فتاویٰ #2010

----بسم اللہ الرحمن الرحیم :----- الجواب:---- امام صاحب کو قضا نماز بھی ہرگز ہرگز نہیں پڑھنی چاہیے تھی۔ اس لیے کہ علانیہ قضا نماز پڑھنا ممنوع ہے، جب کہ پوری جماعت کی نماز قضا نہ ہوئی ہو؛ کہ یہ اعلان گناہ ہے۔ پھر قضا پڑھا تھا تو انھیں غلط بیانی کرنی جائز نہ تھی، خصوصاً ایسی صورت میں کہ غلط بیان سے فتنے کا اندیشہ تھا، اور وہ اندیشہ صحیح بھی نکلا۔ عوام بعض باتوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں،ایسی باتوں سے بچنا ضروری ہے۔ اِتَّقُوْا مَوَاضِعَ التُّھَم۔[حاشیہ: ذَكَرَہُ فِي ’ الإحْيَآء ‘ وقال العراقي في تخريج أحاديثہ: ’’ لم أجد لہ أصلا؛ لكنہ بمعنی قول عمر: من سلك مسالك الظن اتہم۔ ورواہ الخرائطي في’ مكارم الأخلاق‘ مرفوعا بلفظ : من أقام نفسہ مقام التہم فلايلومن من أساء الظن بہ۔ وروی الخطيب في’ المتفق والمفترق‘ عن سعيد بن المسيب، قال: وضع عمر بن الخطاب رضي اللہ عنہ ثماني عشرۃ كلمۃ كلہا حكم۔۔۔ منھا : ومن عرض نفسہ للتہمۃ فلا يلومن من أساء بہ الظن۔ ۔۔ إلخ۔ ( أنظر تخريج العراقي فی إحياء علوم الدين ، ج: ۴، ص: ۳۶۔) محمد صادق مصباحی] امام پر لازم ہے کہ اس نے جو غلط بیانی کی ہے، اس سے توبہ کرے۔ اگر توبہ کرے تو ٹھیک ہے، ورنہ اس کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ، کما في الغنیۃ والدر المختار. واللہ تعالیٰ اعلم۔---(فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵(فتاوی شارح بخاری))---

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved