8 September, 2024


دارالاِفتاء


زید مسجد میں آیا نماز پڑھنے کی غرض سے۔ مسجد کے پیشاب خانے میں جا کر زیدنے کھڑے ہو کر پیشاب کیا ، زید کے اس فعل پر تمام مقتدیوں نے اعتراض کیا تو زید نے کہا کہ کھڑے ہو کر استنجا کرنا رسول اللہ کی سنت ہے (ﷺ) لوگوں نے دریافت کیا کہ کہاں لکھا ہے؟ تو زید نے بخاری شریف کا حوالہ دیا۔ لہذا کرم فرما سے التماس ہے کہ مستند جواب عنایت فرمائیں اور زید کے بارے میں شرعی حکم کیا ہے اس کا بھی اظہار کریں۔

فتاویٰ #1386

بسم اللہ الرحمن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــــــ: یہ کہنا کہ کھڑے ہو کر پیشاب کرنا رسول اللہ ﷺ کی سنت ہے ،شریعت پر بھی افترا ہے اور رسول اللہ ﷺ پر بھی۔ ایک بار حضور اقدس ﷺ نے بدرجۂ مجبوری کھڑے ہو کر پیشاب فرمایا ہے، وہی بخاری میں مروی ہے۔ ایک بار کا کوئی فعل وہ بھی عذر کی وجہ سے سنت نہیں۔ ترمذی شریف میں ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے مروی ہے، وہ فرماتی ہیں: من حدثکم أن النبي -صلی اللہ تعالی علیہ وسلم- کان یبول قائما فلا تصدقوہ ما کان یبول إلا قاعدا۔ اگر تم سے کوئی یہ کہے کہ نبی ﷺ کھڑے ہو کر پیشاب کرتے تھے تو اس کی بات سچ نہ ماننا، حضور ہمیشہ بیٹھ ہی کر پیشاب کرتے تھے۔ مسند بزار میں ہے: حضور اقدس ﷺ نے فرمایا: من الجفاء أن یبول الرجل قائما۔ کھڑے ہو کر پیشاب کرنا گنوارپن ہے۔ بلکہ ترمذی ، ابن ماجہ ، بیہقی میں ہے کہ ارشاد فرمایا: لا تبل قائما۔ کھڑے ہو کر پیشاب مت کرو۔ واللہ تعالی اعلم(فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد ۵،(فتاوی شارح بخاری))

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved