8 September, 2024


دارالاِفتاء


وہ خارج از اسلام ہے یا نہیں ؟اگر اس واسطے کہ زید کے مندرجہ ذیل عقائد ہوں ‘‘ (۱)-زید اپنے کو صحیح العقیدہ سنی مسلمان کہتا ہے لیکن اشرف علی تھانوی، رشیداحمد گنگوہی ، خلیل انبیٹھی ،اسمٰعیل دہلوی اوردیگر اکابرین وہابیہ دیوبندیہ کو ان کی عبارات کفریہ قطعیہ کو جانتے ہوئے بھی ان کو مسلمان اور علماے حق سمجھتا ہے ۔ (۲)- زید حضرت مجدد اعظم دین و ملت عظیم البرکت ، رفیع الدرجت ، محدث ارشد ، فقیہ امجد ، اعلیٰ حضرت ، امام اہل سنت ، مظہر شان غوثیت ، مولانا الحاج شاہ عبد المصطفیٰ محمد احمد رضا صاحب قبلہ قادری برکاتی فاضل بریلوی کو اور اعلی حضرت مجدد اعظم فاضل بریلوی ﷫ کے تمام ہم عقیدہ سنی حضرات کو کافر مرتد اور بلاتو بہ کیے مرنے سے ابدی ناری سمجھتا ہے (۳)-زید حضرت آفتاب رسالت، ماہتاب نبوت، حضور اکرم ، نورمجسم ، فخر بنی آدم، تاجدار عرب و عجم کاشف الکروب، شفیع الذنوب، داناے جمیع خفائے غیوب، ہادی سبل، شفیع یوم النشور، حضور سراپانور ، نور علی نور، احمد مجتبیٰ ، محمد مصطفیٰﷺ کو اپنے جیسا بشر سمجھتا ہے ، اور نوری سمجھنے والے کو مرتد بے دین کہتا ہے ۔ (۴)- زید اپنے کو سنی حنفی کہتا ہے میلاد شریف میں بھی آتا ہے ۔ تعظیم بھی کرتا ہے ، نیز فاتحہ بھی دیتا ہے ، اور سب کرنے کے بعد یہ کہتا ہے کہ یہ سب کوئی ضروری نہیں اور وہابی دیوبندی کو مسلمان سمجھتا ہے ، اور اشرف علی اوررشید احمد گنگوہی کو مسلمان سمجھتا ہے او ر مسجد میں پیش امامی بھی کرتا ہے ، تو اس کے پیچھے نماز پڑھنا کیسا ہے ۔ بینوا و توجروا۔

فتاویٰ #1218

بسم اللہ الرحمن الرحیم- الجواب : مولوی اشرف علی تھانوی نے اپنی کتاب حفظ الایمان میں حضور اقدسﷺ کے علم غیب کو جانوروں اور پاگلوں کے علم سے تشبیہ دی اور کہا کہ: ’’اگر بعض علوم غیبیہ مراد ہیں تو اس میں حضور کی ہی کیا تخصیص ہے ایسا علم غیب تو زید و عمرو وبکر بلکہ ہر صبی و مجنون بلکہ جمیع حیوانات وبہائم کے لیے بھی حاصل ہے ۔ اس عبارت میں بلاشبہ حضور اقدسﷺ کی توہین ہے اور حضور کی توہین یقیناً کفر ہے ۔ مولوی رشید احمد و مولوی خلیل احمد نے اپنی کتاب براہین قاطعہ میں حضورﷺ کے علم کو شیطان کے علم سے گھٹایا ، حضور کے وسعت علم کو شرک بتایا اور اس کو شیطان کے لیے نص ( یعنی قرآن و حدیث ) سے ثابت مانا چناں چہ کہا کہ: ’’ شیطان و ملک الموت کو یہ وسعت نص سے ثابت ہوئی فخر عالم کی وسعت علم کی کون سی نص قطعی ہے جس سے تمام نصوص کو رد کر کے ایک شرک ثابت کرتا ہے۔‘‘ اس میں حضور اقدسﷺ کی صریح توہین اور سخت گستاخی ہے ۔ لہٰذا زید اگر ان دونوں اقوال کفریہ پر مطلع ہوتے ہوئے ان کے قائلین کو مسلمان اور علماے حق جانتا ہے تو زید مسلمان نہیں ۔ اسمعیل دہلوی کی تقویۃ الایمان تو کفریات کا خمیرہ ہے ۔ اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی اور علماے اہل سنت کو کافر و مرتد کہنا تو یہ زید کا کفر بالا ے کفر ہے باوجود ان کفریات کے زید کامیلاد کرنا ،فاتحہ وغیرہ کرنا، نماز پڑھنااور اپنے کوسنی حنفی کہنا سب لغو و باطل ہے کیونکہ عمل کے لیے ایمان شرط ہے جب خود زید کی ہی نماز باطل ہے تو اس کے پیچھے دوسرے کی نماز کس طرح ہوسکتی ہے ۔ مولیٰ تعالی توبہ کی توفیق دے۔ واللہ تعالی اعلم۔(فتاوی حافظ ملت)

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved