8 September, 2024


دارالاِفتاء


ایک امام صاحب ایک گاؤں میں مسجد کے خطیب تھے اور وہ درس و تدریس بھی بچوں کو سکھاتے تھے۔ قریب بیس پچیس بچے قرآن پاک اور دیگر کتابیں بھی پڑھتے تھے اور دس لڑکیاں بھی قرآن پاک اور دینیات کی کتابیں پڑھتی تھیں۔ عرصہ بھی ان خطیب صاحب کو نو دس سال کا ہو گیا تھا۔ ان لڑکیوں میں ایک لڑکی جس کی عمر آٹھ سال سات ماہ تھی، پڑھنے کا بے حد شوق تھا، یہاں تک کہ قرآن پاک اور دس بارہ کتابیں گوہرِ غوثیہ، سوانح عمری صحابۂ کرام، گلدستہ عزیزیہ اور دیگر کتابیں دینی پڑھ چکی تھی، تین پارہ حفظ ہو گئے تھے، یٰسٓ و طٰہٰ وردِ زبان رہتی تھی، اب رمضان شریف جو آتا ہے تو اس نے تمام روزے رکھے، ہر چند منع کرتے تھے لیکن باز نہ آتی تھی، بعد عید مبارک کے شوال کا روزہ رکھا ۔ اس کا وصال ہو گیا۔ اب امام صاحب کہتے ہیں کہ بچی ایک درویش کے ہمراہ بارہ ایک بجے رات کو مدرسہ میں آئی۔ خطیب کہتے ہیں کہ میں بیدار تھا، لیکن دیکھتا تھا بولا نہیں جاتا تھا، ہاتھ پاؤں نہیں ہلتا تھا، فقیر نے کہا کہ اس بچی کو ہمارے ہی مزار میں دفن کیا اچھا کیا۔ اتنا کہہ کر غائب ہو گئے۔ دوسرے روز امام صاحب قرآن شریف لے کر قبرستان گئے، پہلے خوشبو آئی، آنکھیں بند ہو گئیں ، یٰسٓ و طٰہٰ کی آواز آئی ۔ اب نوازش فرما کر قرآن و حدیث مع دستخط مہر کیجیےکہ یہ شریعت میں جائز ہے یا نہیں، ایسا ہو سکتا ہے یا نہیں۔

فتاویٰ #1208

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب: مقبولان بارگاہ الٰہی انبیاے کرام علیہم الصلاۃ والسلام اور اولیاے کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین بعدِ وفات بھی زندہ ہیں اور باذنہ تعالیٰ جس جگہ جہاں چاہیں جا سکتے ہیں، لیکن ہر قبر کے مردہ کا ولی ہونا کوئی ضروری نہیں۔ اور ہر ولی کا کسی جگہ چلا جانا کوئی ضروری نہیں ہے، جیسے ہر ممکن شئ کا واقع ہو جانا کوئی ضروری نہیں، مثلاً امام صاحب کا ولی ہونا ممکن ہے مگر کیا ضروری ہے کہ امام صاحب ولی ہوں؟ سوال میں بزرگ اور لڑکی کا مدرسہ میں آنا اور قبر سے خوشبو کا سونگھنا اور یٰسٓ و طٰہٰ کی آواز سننا یہ سب امام صاحب ہی کا بیان ہے، لہٰذا یہ بھی ممکن ہے کہ لڑکی چوں کہ بہت ہی ذہین تھی، تھوڑی سی عمر میں اس نے بہت کچھ پڑھ لیا تھا، اس وجہ سے امام صاحب کو اس سے انتہائی محبت تھی۔ دل و دماغ پر اس کا اثر تھا جس سے ایسا تخیل قائم ہو گیا اور کوئی بات نہیں۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔(فتاوی حافظ ملت)

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved