21 December, 2024


دارالاِفتاء


زید کے ایک نا مکمل اور نا موقت طلاق نامہ پر طلاق ہونے نہ ہونے کے بارے میں لوگوں میں کچھ ہلچل مچی، زید کو اس کی خبر ہوئی اور وہ اس حالت میں پنچایتمیں بلوایا گیا، پنچوں نے طلاق مان کر زید پر عدت اور مہر کی رقم واجب الادا کر دی، لیکن اس وقت مرعوب ہو کر زید نے پنچوں کی باتوں پر کوئی اعتراض نہ کیا، بعد میں اس نے باہر سے فتوے منگوائے، فتوے اس کی موافقت میں آئے، لیکن فتویٰ آنے سے پہلے ہی زید پنچایت میں بلوایا گیا، چوں کہ اس وقت تک فتوے اس کو حاصل نہ ہو سکے تھے، اس لیے وہ پنچایت میں حاضر نہ ہو سکا ۔ اس پر لوگ مشتعل ہوئے ، لوگوں نے زید کی ملامتیں کرنی شروع کیں، محلہ کی پارٹیوں میں کھنچاؤ پ]یدا ہو گیا، زید کو اس کی سرکاری ملازمت کی دھمکیاں د جانے لگیں، کچھ مخالفین نے افسر بالا کی طرف اس کے خلاف رپورٹ کرنے کی تیاریاں کرنی شروع کر دیں۔ زید سے اس کے اپنے پرائے سبھوں نے اظہارِ ناراضگی کرنا شروع کر دیا۔ بعض دوستوں نے فضا کو ہموار کرنے کا مطالبہ کیا، کیوں کہ زید پہلے ہی حساس طبیعت ، غیر مستقل مزاج اور بزدل واقع ہوا ہے، اس لیے ان تمام باتوں کا اس کےدل و دماغ پر برا اثر پڑا۔اس نے اپنا دماغی توازن کھو دیا، اس کے اپنے بھلے برے کی تمیز نہ رہی اور حالتِ جنون میں اس نے اپنی بیوی ہندہ کو تحریری تین طلاقیں دی دیں، تو کیا از روے شرع زید کی بیوی ہندہ اس سے علاحدہ ہو گئی، جب کہ زید انتہائی رنج و غم اور پریشانی کے دور میں اپنا دماغی توازن کھو بیٹھنے کا مریض ہے۔ بظاہر احساس نہیں ہوتا لیکن ڈاکٹر زید کی اس دماغی کمزوری کو تسلیم کرتا ہے۔ زید سے حالتِ جنون میں بعض اوقات ایسے ہی تعجب خیز واقعات سرزد ہو جایا کرتے ہیں، جس پر لوگوں کو اور بذاتِ خود اس کو ایسے ناشدنی واقعات کے ہونے پر سخت تعجب ہوتا ہے۔بینو توجروا

فتاویٰ #1168

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــــــ: بلا شبہہ حالتِ جنون میں طلاق واقع نہیں ہوتی، مجنون سے حکمِ شریعت اٹھا ہوا ہے، لیکن سوال سے زید کا مجنون ہونا ثابت نہیں ہوتا، بلکہ معلوم ہوتا ہے کہ زید نے اپنے خلاف فضا سے متاثر ہو کر فضا کو ہموار کرنے کے لیے دانستہ طلاق دی ہے، زید کو مجنون ثابت کرنے کی دلیل میں اس کو بزدل، حساس طبیعت، کمزور دماغ بتایا گیا ہے اور یہ کہ وہ اس وقت انتہائی رنج و غم میں تھا، ان سب چیزوں میں کوئی بھی چیز جنون کی دلیل نہیں۔ یہ سب اس پر دلیل ہیں کہ زید اپنے خلاف فضا سے متاثر ہو گیا تھا اس وقت اس نے اپنی بیوی کو طلاق دینا ہی مناسب سمجھا، لہٰذا طلاق واقع ہو گئی اور یہ طلاق مغلظہ ہوئی اور ہندہ زید پر حرام ہو گئی۔ واللہ اعلم بالصواب (فتاوی حافظ ملت)

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved