21 November, 2024


دارالاِفتاء


(۱) زید کم عقل ہے اور نامرد بھی ہے تو ایسی صورت میں شریعتِ مطہرہ کیا حکم دیتی ہے؟ (۲) ایک عورت ہے جس کے حمل ہے اور اس کا زوج اس کو طلاق دینا چاہتا ہے تو زوج طلاق دے سکتا ہے کہ نہیں حالتِ حمل میں ؟ (۳) ایک عورت ہندہ ہے ، اس کے زوج نے اس کو حالتِ حمل میں طلاق دے دیا تو ہندہ عدتِ حمل گزارے یا عدتِ طلاق، یا وہ فوراً نکاح کر سکتی ہے؟بینوا تو جروا۔

فتاویٰ #1142

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــــــ: (۱).نامرد ہونے کی صورت میں بہتر ہے کہ شوہر عورت کی خواہش پر طلاق دے دے۔ اگر شوہر طلاق نہ دیتا ہو تو خلاصی کی صورت یہ ہے کہ عورت قاضی کے سامنے اپنی درخواست پیش کرے اور قاضی شوہر کو بلا کر دریافت کرے۔ اگر شوہر نے اقرار کر لیا تو ایک سال کی مدت مقرر کر دے اور کہہ دے اگر سال بھر کے اندر اندر کامیاب ہوئے تو بہترورنہ طلاق دینا ہوگا۔ شوہر کامیاب ہو گیا تو بہتر ورنہ طلاق دے۔ شوہر طلاق نہ دیتا ہو تو خود قاضی تفریق کر دے، اس سے نکاح ختم ہو جائے گا۔ اگر خلوتِ صحیحہ ہو چکی ہے تو پورا مہر بھی پائے گی اور عدت کے بعد نکاح کرنا چاہے تو کر سکتی ہے۔ چوں کہ اس زمانے میں قاضی نہیں ہیں لہٰذا کسی بڑے عالم متدین اور متشرع کو پنچ مان کر تصفیہ کرالے۔ ہدایہ میں ہے: ’’واذا کان الزوج عنینا اجلہ الحاکم سنۃ فان وصل الیھا فبھا والافرق بینھما اذا طلبت المرأۃ ذالک و تلک الفرقۃ تطلیقۃ بائنۃ۔‘‘ اسی میں ہے: ’’ ولھا کمال مھرہا ان کان خلابھا فان خلوۃ العنین صحیحۃ ویجب العدۃ۔‘‘ فتاویٰ خیریہ میں ہے: یصح التحکیم فی مسئلۃ العنین لانہ لیس بحدٍ ولا قودٍ ولادیۃٍ علی العاقلۃ ولھم ان یفرقوا بطلب الزوجۃ۔‘‘ واللہ تعالیٰ اعلم۔ (۱، ۲).بلا وجہِ شرعی طلاق دینا شریعتِ مطہرہ کے نزدیک نہایت شنیع و قبیح ہے۔ حدیث شریف میں اس کو مبغوض فرمایا گیا ہے۔ طلاق دینے سے پہلے خوب غور کر لینا چاہیے کہ اس کے علاوہ اور کوئی چارۂ کار ہے یا نہیں ۔ جب تک کوئی بھی شکل نباہ کی ہو سکتی ہے تو اسی پر عمل کرے اور حتی الوسع طلاق سے پرہیز کرے۔ اگر واقعی طلاق کی ضرورت حالتِ حمل میں پیش آئے تو طلاق دے سکتا ہے اور عدت وضعِ حمل ہوگی۔ وضعِ حمل کے بعد نکاح کرنا چاہے تو کر سکتی ہے ۔ قال اللہ تعالیٰ: ’’ وَ اُولَاتُ الْاَحْمَالِ اَجَلُهُنَّ اَنْ يَّضَعْنَ حَمْلَهُنَّ ‘‘واللہ تعالیٰ اعلم۔(فتاوی حافظ ملت)

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved