22 December, 2024


دارالاِفتاء


(۱) -زید ایک گاؤں میں امامت کرتا ہے۔ زید نے الجامعۃ الاشرفیہ عربی یونیورسٹی مبارک پور اعظم گڑھ یوپی سے قراءت حفص وسند فضیلت حاصل کی ہے۔ زید کو بفضل رب قدیر شیخ طریقت ومعرفت تاج دار اہل سنت مرشد کامل سیدی وسندی حضور مفتی اعظم علیہ الرحمۃ والرضوان سے شرف بیعت حاصل ہے ۔ الحمد للہ زید متشرع بھی ہے لیکن بکر - ایک پڑھا لکھا انسان ہے کسی خانقاہ کے بزرگ سے مرید بھی ہے - کا کہنا ہے کہ جو زید کے پیچھے نماز پڑھتا ہے وہ کافر ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ بکر شاذو نادر زید کی اقتدا کرتا ہے۔ شاید وباید بکر امامت بھی کرایا کرتا ہے۔ بکر غیر متشرع بھی ہے بہت دنوں سے بکر کی فتنہ پروری محلے میں مشہور بھی ہے۔ (۲) -زید کی اقتدا کرنے والے کو بکر جہنمی گردانتا ہے ۔ کیا یہ سچ ہے؟

فتاویٰ #1892

----بسم اللہ الرحمن الرحیم :----- الجواب:---- (۱-۲) بکر کے جو کوائف سوال میں مذکور ہیں ان کی رو سے بکر ایک نہیں کئی وجہ سے فاسق وفاجر ہے جو ہر دین دار پر واضح ہے بلکہ ایک وجہ سے اس پر کفر لازم ہے ۔ اس نے یہ کہا کہ ’’جو زید کے پیچھے نماز پڑھتا ہے کافر ہے‘‘۔ اس نے مسلمان کو کافر کہا اب اگر کافر کہنا بطور گالی ہے تو بکر اس کی وجہ سے بھی فاسق ہوا اور اگر اس کی مراد یہ ہو کہ واقعی ایسا شخص کافر ہے تو بکر خود کافر ہو گیا ۔ اس پر توبہ تجدید ایمان ونکاح لازم ہے ۔ ایسی صورت میں بکر کو حکم ہے کہ وہ توبہ کرے ۔زید سے اور زید کی اقتدا کرنے والوں سے معافی مانگے۔ کلمہ پڑھ کر پھر سے مسلمان ہو۔ واللہ تعالی اعلم ---(فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵(فتاوی شارح بخاری))---

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved