8 September, 2024


دارالاِفتاء


زید حافظ و قاری ہے، وہ جامع مسجد کے پیش امام کے پیچھے قریب بیس سال سے نماز پڑھتا چلا آرہا ہے، مگر آج مقتدیوں کے روبرو بیان کیا کہ امام صاحب غلط پڑھتے ہیں، مقتدیوں میں سے ایک شخص نے زید سے کہا کہ بیس سال سے آپ نماز پڑھتے چلے آرہے ہیں مگر اب تک اسے کیوں ظاہر نہیں کیا۔ بتایا جائے کہ اس زید کاکیا حکم ہے؟

فتاویٰ #1735

----بسم اللہ الرحمن الرحیم :----- الجواب:---- اگر واقعی امام جامع مسجد قرآن مجید غلط پڑھتا ہے جس سے نماز فاسد ہوجاتی ہے اور یہ قاری اسے جانتا تھا اور بیس سال تک خاموش رہا تو یقیناً یہ بہت بڑا مجرم ہے اور بدترین فاسق، گمراہ اور شیطان۔ اس لیے کہ یہ قرآن غلط سنتا رہا اور خاموش رہا، لوگوں کی نمازیں فاسد ہوتی رہیں اور یہ خاموش رہا۔ لیکن اگر امام صحیح پڑھتا ہے اور یہ قاری کسی وجہ سے یہ کہہ رہا ہے کہ امام غلط پڑھ رہا ہے تو بھی بہت بڑا مجرم ہے، قرآن مجید کو صحیح پڑھنے کو غلط بتانا قریب قریب کفر ہے۔ کسی متدین عالم سے تحقیق کرالی جائے اور اس کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔ ---(فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵(فتاوی شارح بخاری))---

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved