8 September, 2024


دارالاِفتاء


مسجد دال منڈی قصبہ پڈرونہ قطب نما سے ۲۰؍ ڈگری ٹیڑھی ہے ۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں ڈھائی صف ہوتی ہے ، اگر قطب نما کے موافق عمل کیا جائے تو صرف ایک ہی صف ہوگی۔ مصلیان مذکورہ مسجد کا کہنا ہے کہ پنج وقتہ تو ہم موافق قطب نما نمازیں ادا کریں گے مگر جمعہ کے روز دشواری ہے ۔ ایسی صورت میں خواہ کوئی بھی نماز ہو موافق قطب ادا کی جائے گی یا صف ہر صورت سیدھی کی جائے ؟ فقہ کی روشنی میں مدلل ومفصل جواب مرحمت فرمائیں۔

فتاویٰ #1553

بسم اللہ الرحمن الرحیم – الجواب ــــــــــــــ: قطب نما سے ۲۰؍ ڈگری انحراف پر بھی نماز بلا شبہہ بلا کراہت درست ہے۔ مسجد جس طرح بنی ہوئی ہے اس کے مطابق صف بندی کریں نماز میں کوئی خرابی پیدا نہیں ہوگی۔ حکم شرع یہ ہے کہ جو لوگ کعبہ کو دیکھ رہے ہوں ان کا قبلہ عین کعبہ ہے اور جو لوگ کعبہ نہ دیکھ رہے ہوں ان کا قبلہ سمت کعبہ ہے یعنی کعبہ سے پینتالیس ڈگری دائیں بائیں تک۔ علاوہ ازیں پڈرونہ کا قبلہ عین قطب نما کا وسط نہیں بلکہ تقریبا تین ڈگری ہٹا ہوا ہے۔ واللہ تعالی اعلم (فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵،(فتاوی شارح بخاری))

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved