8 September, 2024


دارالاِفتاء


(۱) نجس کپڑا سوتی ہو یا ٹیریکاٹ کا نجاست لسم دار لگی ہو یا پائخانہ لگا ہو اس کو ملنے کے بعد ہاتھ میں لٹکا کر ایک دو لوٹا اوپر سے پانی بہادیں تو پاک ہو جائے گا یا نہیں؟ (۲) نجس کپڑاسوتی ہو یا ٹیریکاٹ کپڑا بھگوکر مل کر بالٹی میں پانی ڈال کر کپڑا بالٹی میں ڈال کر نکال لیں پھر بالٹی کا پانی گراکر پھر دوسرا پانی ڈال کر پھر کپڑا ڈال کر نکال لیں اس طرح سے تین بار کرنے پر کپڑا پاک ہو جائے گا کہ نہیں، تینوں بار نچوڑنا ضروری ہو تو ٹیری کاٹ کا کپڑا نچوڑنے کے بعد بھی اس میں پانی رہ جاتا ہے تو اس کو پاک کرنے کی کیا صورت ہے؟

فتاویٰ #1360

بسم اللہ الرحمن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــــــ: (۱) پائخانہ یا اس قسم کی کوئی ایسی نجاست جس میں جرم ہو وہ جب دور ہو جائے تو کپڑا پاک ہو گیا خواہ ایک دفعہ میں دور ہو یا اس سے زیادہ میں۔ البتہ اگر ایک دو دفعہ میں دور ہو تو تین کا عدد پورا کرلینا چاہیے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تین بار خوب نچوڑا جائے یا لٹکایا جائے تو اتنی دیر لٹکا یا جائے کہ پانی ٹپکنا بند ہو جائے اور اگر وہ نجاست ایسی ہے جس میں جرم یا دَل نہیں تو تین بار اچھی طرح نچوڑ کر دھونا ضروری ہے۔ بغیر اس کے پاک نہ ہوگا ۔ واللہ اعلم (۲) اس کے پہلے والے جواب میں اس کا حکم واضح ہو گیا اگر نجاست دَل دار ہے تو جب تک نجاست دور نہ ہوگی کپڑا پاک نہ ہوگا اور اگر دَل دار نہیں تو تین بار نچوڑنا ضروری ہے۔ ٹیریکاٹ کے کپڑے کو لٹکا کر چھوڑ دیں جب اس سے پانی ٹپکنا بند ہو جائے تو پھر پانی میں ڈالیں پھر لٹکادیں اسی طرح تین بار کریں۔ واللہ تعالی اعلم (فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد ۵،(فتاوی شارح بخاری))

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved