22 November, 2024


دارالاِفتاء


زید کا عقد ہندہ سے ہوا، بعد میں زید کا دماغ خراب ہو گیا اور آج عقد کا زمانہ تقریباً دس برس کا ہوا، لیکن زید ہندہ کی طرف رغبت نہیں کرتا ہے اور اس دس برس کی مدت میں بعد شادی کے چھ مرتبہ زید ہندہ کو اپنے گھر لے گیا، مگر ہندہ کی طرف کسی بات اور کسی شے سے خیال نہ کیا، بعد میں ہندہ اپنے باپ کے گھر چلی آئی اور زید کا دماغ ابھی تک خراب ہے، کبھی گھر اور کبھی کہیں رہتا ہے۔ اور ہندہ بوقت شادی ہی بالغ تھی مگر زید کی بے توجہی کے باعث ہندہ زید کے یہاں جانے سے سخت انکار کر رہی ہے اور یہ بھی نہیں کہ زید لے جانے کو تیار ہے بلکہ اس کے خویش و اقربا تیار ہیں اور طلاق کی بات چیت اگر کی جاتی ہے تو زید کے بھائی وغیرہ انکارکرتے ہیں ، اب کیا کیا جائے؟

فتاویٰ #1160

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــــــ: صورتِ مسئولہ میں قوم کے سرداروں اور سر بر آوردہ حضرات اور پنچ لوگوں پر لازم اور ضروری ہے کہ وہ جس طرح بھی ہو زید سے ہندہ کو طلاق دلائیں ۔ اگر بالفرض وہ راضی و خوشی سے طلاق نہ دے تو اس پر قومی اور پنچایتی دباؤ ڈالیں ۔ بہر حال ہندہ کو زید سے آزاد کرا دیں ، بغیر طلاق کے ہندہ دوسرا نکاح نہیں کر سکتی۔ (فتاوی حافظ ملت)

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved