22 December, 2024


دارالاِفتاء


(۱) قاضی شہر ہونے کے لیے کیا شرائط ہیں؟ جو شخص نماز پنج گانہ نہ پڑھتا ہو، ایسے شخص کا قاضی و خطیب ہونا جائز ہے یا ناجائز؟ (۲) جو شخص داڑھی منڈواے کیا وہ قاضی شہر ہوسکتا ہے؟ (۳) جس شخص نے اپنے چھوٹے بھائی کی شادی میں سڑک پر عین مسجد کے سامنے پوری رات طوائفوں کا ناچ کروایا ہو، کیا ایسا شخص قاضی و خطیب ہوسکتا ہے۔ اور اسے اس کے عہدے سے فوراً معزول کرنا لازم ہے یا نہیں؟ اور جولوگ ایسے شخص کی حمایت کریں، ان کے لیے حکم شرعی کیا ہے؟ اور جن لوگوں نے ایسے شخص کو قاضی اور خطیب بنوایا ہے، ان کے لیے حکم شرعی کیا ہے؟

فتاویٰ #1732

----بسم اللہ الرحمن الرحیم :----- الجواب:---- (۱، ۲، ۳) عام طور سے قاضی اس شخص کوکہا جاتا ہے جو نکاح پڑھانے کے لیے متعین کردیا جاتا ہے۔ نکاح خواں ہر سنی صحیح العقیدہ مسلمان ہوسکتا ہے، خواہ مرد ہو یا عورت۔ اس کے لیے عالم یا دین دار ہونا شرط نہیں بلکہ مسلمان ہونا بھی شرط نہیں۔ایک ہندو بھی اس معنی کرکے قاضی ہوسکتا ہے؛ اس لیے کہ نکاح خواں وکیل ہوتا ہے، وکیل ہونے کے لیے مسلمان ہونا شرط نہیں۔ ہاں کہیں کہیں جو قاضی نامزد ہوتا ہے، وہ جمعہ و عیدین بھی پڑھاتا ہے۔ اگر ایسا ہے تو پھر اس کا سنی صحیح العقیدہ مسلمان ہونا شرط ہے۔ ساتھ ہی ساتھ صحیح طریقے سے طہارت کرنے والا ہونا، قرآن مجید صحیح پڑھنے والا ہونا، نماز صحیح طریقے سے پڑھنے والا ہونا، فاسق معلن نہ ہونا شرط ہے۔ اس عہدے پر کسی فاسق معلن کو مقرر کرنا جائز نہیں۔ کیوں کہ فاسق معلن کو امام بنانا گناہ، اس کے پیچھےپڑھی ہوئی نمازوں کا دہرانا واجب۔ کما فی الغنیۃ والدر المختار. جو شخص پابندی سے نماز نہ پڑھتا ہو وہ فاسق معلن ہے، اسے امام بنانا گناہ۔ جو شخص اپنے بھائی یا کسی کی شادی میں طوائف کا ناچ کرائے وہ فاسق معلن ہے، اسی طرح جو طوائف کی ناچ کی حمایت کریں وہ بھی فاسق معلن ہیں۔ جن لوگوں نے ایسے فاسق معلن کو صرف نکاح پڑھانے کے لیے قاضی مقرر کیا ان پر کوئی خاص الزام نہیں، اور اگر نماز پڑھانے کے لیے بھی مقرر کیا تو وہ سب گنہ گار ہیں۔ اور ہر ایک ہزاروں گناہ کے مستحق۔ جتنے لوگ اس فاسق معلن کے پیچھے نماز پڑھیں گے ان پر اپنا اپنا گناہ ہوگا، اور سب کے برابر امام پر، اور اما م و مقتدیوں کے مجموعے کے برابر ان مقرر کرنے والوں پر۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔ ---(فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵(فتاوی شارح بخاری))---

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved