21 November, 2024


دارالاِفتاء


مسمیٰ اقبال حسین و مسماۃ دلوری بیگم آپس میں شوہر و بیوی ہیں لیکن کسی وجہ سے زوجین میں ناچاقی ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے مسماۃ دلوری بیگم عرصہ ڈیڑھ سال سے اپنے والد کے مکان پر چلی گئی ہے۔ مسماۃ دلوری بیگم کے بطن سے ایک لڑکا بعمر ۵؍ سال مسمیٰ آفتاب احمد ہے، مسمیٰ آفتاب احمد کو مسمیٰ اقبال حسین یہ چاہتا ہے کہ وہ میری ولایت میں رہے اور دلوری بیگم یہ چاہتی ہے کہ وہ لڑکا میری ولایت میں رہے اس جھگڑے کی وجہ سے مسماۃ شہزادی بیگم جو کہ لڑکے آفتاب احمد کی دادی ہوتی ہے، اسے اندیشہ ہے کہ فریقین میں کوئی بھی لڑکے کی ٹھیک پرورش نہیں کر سکتا، ایسی حالت میں لڑکے کو میری ولایت میں دے دیا جائے، دیگر یہ کہ مسماۃ دلوری بیگم کی طرف سے یہ بھی اندیشہ ہے کہ وہ اپنانکاح فسخ کرائے ایسی حالت میں لڑکے کی پرورش میں خلل پیدا ہونے کا احتمال ہے، لہٰذا شرعاً لڑکے کو کس کی ولایت میں دیا جائے؟

فتاویٰ #1167

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــــــ: سات سال تک ماں کو پرورش کا حق حاصل ہے، آفتاب احمد کی عمر جب کہ ۵؍ سال ہے تو ۲؍ سال تک اس کی والدہ کو حق پرورش حاصل ہے، جب تک اقبال حسین اپنی زوجہ دلوری بیگم کو طلاق نہ دے گا وہ بدستور اس کے نکاح میں رہے گی۔ نکاح فسخ نہیں ہوگا۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔(فتاوی حافظ ملت)

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved