8 September, 2024


دارالاِفتاء


(۱) حوض (جو ماے جاری کے حکم میں ہوتا ہے) کتنا لمبا چوڑا ہو عرض وطول فٹ کے اعتبار سے ارشاد فرمائیں اور کم از کم گہرا کتنا ہو؟ (۲) دس فٹ چوڑا اور دس فٹ لمبا کیا یہ مقدار حوض مذکورہ کے لیے کافی ہو سکتی ہے؟

فتاویٰ #1346

بسم اللہ الرحمن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــــــ: (۱) دہ در دہ ہونے کے لیے حوض کو کم از کم سو ہاتھ مربع ہونا ضروری ہے۔ مثلا دس ہاتھ لمبا دس ہاتھ چوڑا، یا بیس ہاتھ لمبا پانچ ہاتھ چوڑا۔ گہرائی اتنی کافی ہے کہ پانی لینے میں زمین نہ کھلے۔ فٹ سے پندرہ فٹ لمبا پندرہ فٹ چوڑا ہونا ضروری ہے۔ اس لیے کہ اعتبار ذراع کرباس کا ہے جو بر بناے قول مختار مفتی بہ چھ گرہ یعنی چوبیس انگل ہے اور فٹ سے ڈیڑھ فٹ تو دس ہاتھ کے پندرہ فٹ ہوئے۔ اب دہ در دہ کی مقدار پندرہ فٹ لمبی پندرہ فٹ چوڑی ہوئی۔ یعنی دو سو پچیس فٹ مربع۔ مجدد اعظم قدس سرہ جد الممتار حاشیہ رد المحتار میں لکھتے ہیں : ’’وعلی المفتی بہ أعني ذراع الکرباس الذي ہو ستّ قبضات عند الأکثرین أي نصف الذراع الأفرنجي تکون عشر في عشر خمسا وعشرین ذراعا أفرنجیا۔ فتاوی رضویہ جلد اول ص:۳۱۵ میں لکھتے ہیں ’’ورنہ وہی چوبیس انگل کا گز خود معتمد وماخوذ ہےجس کا دہ در دہ ہمارے (دو ہاتھ والے) گز سے پچیس ہی گز ہوا اور اس کے اعتبار میں اصلا دغدغہ نہیں کہ یہی مفتی بہ ہے اور قول اکثر اور اسی میں یسر وآسانی بیش تر اور مقدار دہ در دہ کا اعتبار بھی خود رفق وتسییر کی بنا پر۔ کما لا یخفی۔ گہرائی کے بارے میں شامی میں ہے: وصحح في الہدایۃ أن یکون بحال لا ینحسر بالاغتراف أي لا ینکشف وعلیہ الفتوی۔ جد الممتار میں ہے: أي بالکفین کما في القہستاني وفي الجوہرۃ وعلیہ الفتوی۔ یعنی اتنا گہرا ہو کہ لپ سے پانی لیں تو زمین نہ کھلے۔ دس فٹ لمبا چوڑا حوض دہ در دہ نہیں ہوتا کم از کم پندرہ فٹ لمبا چوڑا ضروری ہے۔ واللہ تعالی اعلم (فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد ۵،(فتاوی شارح بخاری))

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved