3 January, 2025


دارالاِفتاء


فاتحہ کے لیے جو قرآن خوانی ہوتی ہے ،اس میں نابالغ بچے بھی شرکت کرتے ہیں توآیا نابالغ بچے کا پڑھنا میت کو ایصال ثواب کرنا چاہیے کہ نہیں؟ بینوا توجروا۔

فتاویٰ #1198

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب: نابالغ بچوں کے خود پڑھے ہوئے کا ثواب اگر نہ پہنچے تو بچوں سے فاتحہ میں قرآن مجید پڑھوانا ناجائز اور بے فائدہ نہیں ہوسکتا بلکہ میت کو ثواب اور فائدہ پہنچے گا اس لیے کہ ایک تو بچوں کا پڑھنا ہے اور دوسرا بچوں کو پڑھوانا ہے۔ جس طرح کا ر خیر سے ثواب ہوتا ہے اسی طرح نیک کام کرانے کا ثواب ہوتا ہے، کرانے والا مثل نیک کام کرنے والے کے ثواب پاتا ہے ۔ حدیث میں ارشاد فرمایا : ’’الدال علی الخیر کفاعلہ‘‘ نیک کام کرانے والا مثل کرنے والے کے ہے۔ لہٰذا جس شخص نے بچوں سے قرآن مجید پڑھوایا ہے اس شخص کو مثل پڑھنے والوں کے ثواب ملا ،وہ ثواب میت کو ملے گا اور بچوں سے فاتحہ میں قرآن مجید پڑھانا بے فائدہ نہ ہوگا بلکہ اتنے ہی قرآن مجید پڑھنے کا ثواب حدیث کے ارشاد کے بموجب میت کو ملے گا ۔ واللہ تعالیٰ اعلم ۔(فتاوی حافظ ملت)

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved