بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــ: پیغام محمد حسین کے ساتھ طے ہونا اور احمد حسن کے ساتھ نکاح کی اطلاع پاکر عورت کا انکار کرنا پھر اس پر اصرار کرنا اور یہ کہنا کہ میرا نکاح محمد حسین کے ساتھ ہوا ہے، یہ باتیں اس امر کی دلیل ہیں کہ عورت کو یہ علم تھاکہ میرا نکاح محمد حسین کے ساتھ ہے اور بوقت نکاح محمد حسین ہی کے لیے عورت کی طرف سے ایجاب ہوا لیکن عورت کے ساتھ دھوکہ کیا گیا کہ احمد حسن نے قبول کرلیا اور محمد حسین نے قبول نہ کیا ۔ لہٰذا یہ نکاح نہ احمدحسن کے ساتھ ہو ا نہ محمد حسین کے کیوں کہ نکاح کے لیے ایجاب و قبول دونوں کا پایا جانا ضروری ہے۔ در مختار میں ہے : و ینعقد متلبسا بإیجاب من أحدھما و قبول من الآخر. یعنی نکاح جب منعقد ہوتا ہے کہ ایک کی طرف سے ایجاب پایا جائے اور دوسرے کی طرف سے قبول۔ اور صورت مسئولہ میں ایجاب و قبول نہ پایا گیا کیوں کہ محمد حسین کے لیے ایجاب تھا اس نے قبول نہ کیا ، احمد حسن نے قبول کیا اس کے لیے ایجاب نہ تھا لہٰذا کسی کے ساتھ بھی نکاح نہ ہوا ۔چار مہینہ بعد عورت احمد حسن کے یہاں چلی گئی اس وقت نکاح ہوا نہیں احمد حسن کا پہلا ایجاب اور عورت کا چار مہینہ بعد قبول بھی معتبر نہیں کیوں کہ ایجاب و قبول دونوں ایک مجلس میں ہوناضروری ہےچہ جاے کہ چار مہینے کے بعد۔ در مختار میں ہے : و من شرائط الإیجاب و القبول اتحاد المجلس. یعنی اگرمرد و عورت حاضر ہوں تو ایجاب و قبول کی شرط یہ ہے کہ دونوں ایک مجلس میں ہوں ۔ لہٰذا یہ عورت اب تک بے نکاح ہے اس کو اختیار ہے جس سے چاہے نکاح کرے۔ واللہ تعالیٰ اعلم ۔(فتاوی حافظ ملت)
Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia
All rights reserved
05462-250092
info@aljamiatulashrafia.org