8 September, 2024


دارالاِفتاء


ایک پیش امام اپنی امامت کو برقرار رکھنے کے لیے چند وقار پرست ،باروزگار سیدھے سادھے مسلمانوں پر اپنا رعب ودبدبہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں، جائز وناجائز حق وباطل کی تمیز کرنے سے بھی گریز کرتے ہیں، وہ رجعت پسندی سیاست میں ملوث ہے ۔ان ہی بری حرکات کی وجہ سے مسلمانوں کی ایک اچھی خاصی تعداد اس امام کے پیچھے نماز پڑھنے میں کراہت محسوس کرتے ہیں اور وہ لوگ منفرد طور پر نماز بعدِ جماعت ادا کرتے ہیں تو ایسی صورت میں اس امام موصوف کا بذات خود امامت پر قائم رہنا درست ہے یا نہیں؟ فرقہ شمع نیازی کو ہر مکتب فکر کے علما نے خارج از اسلام قرار دیا ہے۔ اس جان کاری کے باوجود امام مسجد فرقۂ شمع نیازی سے ساز باز کرکے سیدھے سادھے مسلمانوں کے آڑ میں اعلان کردے کہ میں آپ لوگوں کا پیش امام ہوں اور نائب رسول کا درجہ رکھتا ہوں اس حیثیت سے کہتا ہوں کہ شمع نیازی فرقہ خارج از اسلام نہیں ہے بلکہ وہ بدعتی و گمراہ ہیں، لہذا میں ان کو مسلمان تصور کرتا ہوں۔ آپ لوگ بھی اس کو مانیں، ان کے ساتھ اٹھیں بیٹھیں، ان کی محفلوں میں شرکت کریں وغیرہ وغیرہ۔ امام موصوف کے اس اعلان پر کچھ لوگوں نے اعتراض کیا اور کچھ نے طرف داری کی۔ میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ بدعتی وگمراہوں کی پشت پناہی کرنے والے، اصول مذہب اسلام کو دنیاوی مصنوعی مفاد پر قائم کرنے والے اسلامی نقطۂ نگاہ سے کیا کہلانے کے مستحق ہیں؟ اور اس کے ساتھ ہمیں کیا راستہ اختیار کرنا چاہیے؟

فتاویٰ #1945

----بسم اللہ الرحمن الرحیم :----- الجواب:---- جس امام کے احوال سوال میں مذکور ہیں وہ ہرگز اس لائق نہیں کہ اسے امام بنایا جائے ۔ کم از کم بدترین فاسق ہے اور فاسق کو امام بنانا جائز نہیں، اس کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہے۔ اسے معزول کرنا واجب ہے۔ غنیہ میں ہے: لو قدموا فاسقا یأثمون بناء علی أن کراہۃ تقدیمہ کراہۃ تحریم ۔ در مختار میں ہے: کل صلاۃ أدیت مع کراہۃ تحریم تجب أعادتہا۔ امام جب کہ خود یہ اقرار کرتا ہے کہ شمع نیازی پارٹی گمراہ ہے تو ان سے میل جول کیسے جائز سمجھتا ہے۔ گمراہ بدمذہبوں سے میل جول حرام ہے۔ حدیث میں فرمایا گیا: إیاکم وإیاہم لا یضلونکم ولا یفتنونکم۔ ان سے دور رہو اوران کو اپنے سے دور رکھو ۔ وہ کہیں تم کو گمراہ نہ کردیں۔ فتنہ میں نہ ڈال دیں۔ مسلمانوں پر واجب ہے کہ حتی الوسع کوشش کریں کہ اس امام کو امامت سے معزول کر دیں جو اس کوشش میں ذرہ برابر سستی کرے گا وہ مجرم ہوگا اور شمع نیازی پارٹی سے کسی قسم کا میل جول نہ رکھیں۔یہ انتہائی خطرناک پارٹی ہے ۔ شمع نیازی پارٹی پر بوجوہ کثیرہ کفر لازم ہے۔ واللہ تعالی اعلم---(فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵(فتاوی شارح بخاری))---

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved