8 September, 2024


دارالاِفتاء


جمعہ کے خطبہ کی اذان منبر سے متصل اندرون مسجد دینی سنت ہے یا بدعت اصل حقیقت کیا ہے؟ عوام کا کہنا ہے کہ عرصہ سے اندرون مسجد ہی اذان ہوتی چلی آ رہی ہے نہ کسی سے سنا نہ ہی اتنے علماے کرام آئے کبھی بتایا ، پہلی بار یہاں آپ سے سن رہے ہیں یہ تو بدعت ہے سنت نہیں۔ بتایا جائے خطبہ کی اذان کہاں دلائی جائے کیا یہ سنت غیر مؤکدہ ہے یا مؤکدہ اور اگر اپنے ہی سنی عالم مہمل تاویلات کریں اس مسئلہ کے حل نہ کرنے میں تو شریعت کا ان پر کیا حکم ہے؟

فتاویٰ #1494

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم – الجواب ــــــــــــــــــــ: ابو داؤد شریف میں حدیث مذکور ہے جس سے یہی ثابت ہے کہ خطبے کی اذان مسجد کے باہر دینی سنت ہے حضور اقدس ﷺ اور خلفاے راشدین کے عہد مبارک میں یہ اذان مسجد کے باہر ہوتی تھی ۔ فقہاے کرام نے تصریح فرمائی ہے کہ مسجد میں اذان دینا ممنوع ہے مکروہ ہے جو سابقہ فتوے میں مفصل مذکور ہے حدیث شریف کی تصریح اور فقہاے کرام کے ارشادات کے بعد اس کی کوئی گنجائش نہیں رہ جاتی کہ محض اس بنا پر کہ علما نے حکم نہیں دیا اور ہمارے یہاں پہلے سے ہوتا چلا آرہا ہے اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ خلاف سنت مسجد میں اذان دی جائے۔ مسجد کے باہر اذان دینا سنت مؤکدہ تو ضرور ہے اس قدر میں ذرہ برابر شبہہ نہیں بلکہ از روے قواعد مسجد کے باہر اذان دینا واجب ہونا چاہیے۔ مسجد کے اندر اذان دینا مکروہ تحریمی وناجائز وگناہ ہونا چاہیے ؛ اس لیے کہ حضور اقدس ﷺ نے ہمیشہ مسجد کے باہر ہی اذان دلوائی کبھی کہیں ثابت نہیں کہ ایک بار بھی مسجد میں دلائی ہو اور یہ دلیل وجوب ہے۔ نیز فقہا نے مسجد میں اذان دینے کو مطلقا مکروہ فرمایا اور فقہا کی عادت ہے کہ اطلاق سے اکثر مکروہ تحریمی مراد لیتے ہیں جب تک کہ اس کے خلاف پر دلیل نہ ہو اور یہاں خلاف پر دلیل مفقود بلکہ کراہت تحریم پر دلیل موجود۔ مسجد میں اذان دینے کے سلسلے میں فقہاے کرام نے صیغۂ نفی ارشاد فرمایا اور صیغہ نفی نہی سے زیادہ مؤکد ان سب سے ظاہر کہ مسجد میں اذان دینا یقینا ناجائز اور ناجائز کا اقل درجہ مکروہ تحریمی ۔ اس سے صاف ظاہر کہ مسجد کے اندر اذان دینا ضرور بدعت سیئہ ہے۔ یہ بات میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ حدیث کی تصریح اور فقہاے احناف کے ارشادات کے بعد حنفی مسلمان ہوتے ہوئے کیوں لیت ولعل ہے جو عالم اس میں حیلہ حوالہ کرتے ہیں وہ ضرور مداہن ہیں۔ واللہ تعالی اعلم (فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد:۵( فتاوی شارح بخاری))

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved