بسم اللہ الرحمن الرحیم- الجواب : زید کا یہ قول کہ کافرکو،کافر نہیں کہنا چاہیے، فرمانِ الٰہی کے خلاف ہے ۔ قرآن مجید کا ارشاد ہے: قُلْ یٰٓاَیُّھَا الْکٰفِرُوْنَ. لَآ اَعْبُدُ مَا تَعْبُدُوْنَ. تم فرماؤ اے کافرو، میں اس کی عبادت نہیں کرتا جس کو تم پوجتے ہو۔ اس آیت پاک میں اللہ عز و جل نے حکم دیا کہ کافروں کو کافر کہیں اور زید اس کا انکار کرتا ہے۔ یہ زید کی جہالت ہے اور بد دینی ہے ۔ بد دینوں ، وہابیوں نے اپنے کفریات پر پردہ ڈالنے کے لیے یہ مسئلہ گڑھا ہے کہ کافر کو کافر نہیں کہنا چاہیے ۔ وہابیوں سے سن کر بعض جاہلوں نے بھی کہنا شروع کر دیا ہے ۔ زید اگر صاحبِ علم ہے تو یہ قول اس کی بد دینی اور وہابیت پر دلیل ہے ۔ اور جب کہ دو متقی شاہد یہ شہادت دیتے ہیں کہ زید نے ان کے سامنے کہا کہ کافر کو کافر نہیں کہنا چاہیے تو زید کا یہ قول ثابت ہو گیا اور یہ کہنا کہ ایسا قول میں نے ہر گز نہیں کیا ہے ، یہ شہادت موجود ہوتے ہوئے ہر گز نہیں سنا جائے گا ۔ اگر شہادت نہیں ہوتی تو زید کا انکار اس کے قسم کے ساتھ مان لیا جاتا لیکن جب کہ دو معتبر لوگ گواہی دے رہے ہیں تو زید اگر قسم کھا کر بھی انکار کرے تب بھی ہر گز معتبر نہیں ۔ حدیث میں ہے: اَلبَیِّنَۃُ عَلَی الٔـمُدَّعِی وَالٔیَمِیٔنُ عَلَی الٔـمُدَّعٰی عَلَیٔہِ۔ مدعی پر شہادت ہے ، اگر شہادت نہ ہوئی تو مدعیٰ علیہ پر قسم ہے۔ لہٰذا شہادت موجود ہوتے ہوئے زید کا انکار ہر گز معتبر نہیں تا وقتے کہ کہ زید اپنے قول اور وہابیت سے اصلاً خالص توبہ نہ کرے، اس کی اقتدا درست نہیں ۔ جو مسلمان باوجود مطلع ہونے کے اس حالت میں زید کے معین و مددگار ہیں اور اس کے پیچھے نماز پڑھتے ہیں ، ان کو اپنے اس فعل سے توبہ کرنا چاہیے اور زید جب تک توبہ نہ کرے اس سے قطعِ تعلق کریں ۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔ (فتاوی حافظ ملت)
Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia
All rights reserved
05462-250092
info@aljamiatulashrafia.org