18 January, 2025


تازہ ترین معلومات


عرس عزیزی کا پہلا اجلاس عام

مبارک پور ، اعظم گڑھ میں جلالۃ العلم حافظ ملت علامہ شاہ عبدالعزیز محدث مرادآبادی ثم مبارک پوری علیہ الرحمہ کے عرس پاک کی پہلی شب کا اجلاس عام بعد نمازِ عشا جامعہ کے طالب علم حافظ عبدالسلام کی تلاوت قرآن مجید سے شروع ہوا، محترم مولانا زاہد اعظمی و مولاناقیصر اعظمی صاحبان نے مشترکہ طور پر نظامت کی،جامعہ کے سربراہ اعلیٰ وجانشین حافظ ملت علامہ شاہ عبدالحفیظ عزیزی بنفس نفیس اسٹیج پر تشریف فرما تھے ، ناظم تعلیمات علامہ محمد احمد مصباحی ، صدرالمدرسین مفتی محمد نظام الدین رضوی اور مولانا محمد عبدالمبین نعمانی بھی جلوہ گر تھے ، مولانا عبدالحق مصباحی ، مولانا مسعود احمد برکاتی ، مولانا صدرالوریٰ مصباحی ، مفتی زاہد سلامی، مولانا نفیس احمد مصباحی اسٹیج کے انتظامی امور کی انجام دہی میں مستعد تھے ، نبیرہ ٔحافظ ملت مولانا محمد نعیم الدین عزیزی بھی موجود تھے ،اساتذہ اشرفیہ کے علاوہ دیگر مدارس اسلامیہ کے جید اساتذہ ، علما و مفتیان کرام تشریف فرما تھے ۔ عزیزی کانفرنس میں معروف شعرا نے نعتیں ومنقبتیں پڑھیں اور خطبا کی تقریریں ہوئیں ، ان میں حضرت مولانا سید رکن الدین اصدق ، مولانا سید نورالدین اصدق، نالندہ ، مولانا وقار احمد عزیزی ، بھیونڈی ،مولانا توصیف رضا مصباحی، مفتی عبدالمنان کلیمی ، مرادآباد اورمولانا مقبول احمد سالک مصباحی ، دہلی کے اسما قابل ذکر ہیں ۔ صدر العلماء علامہ محمد احمد مصباحی کے ہاتھوں در درجن کے قریب نئی علمی و تحقیقی کتابوں کا اجرا عمل میں آیا ، ان میں فتاویٰ جامعہ اشرفیہ ، جلد پنجم ، مجتہدین اسلام ، جلد دوم ، آئینہ حافظ ملت ، نیپال میں اسلام کی تاریخ ، فرزندان اشرفیہ کی علمی و تصنیفی خدمات اور حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ کے پانچ مختصر رسائل سرفہرست ہیں۔ جامعہ کے فارغین کی مصنفہ و مترجمہ کتابیں ان کے علاوہ ہیں ۔

اتوار کی صبح بعد نماز فجر مزار حافظ ملت پر اجتماعی قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ، جس میںکافی لوگوں نے شرکت کی اور حضرت کی روح پاک کو ایصال ثواب کیا گیا ۔قصبہ مبارک پور کی کئی انجمنوں نے جلوس کی شکل میں حاضر ہوکر مناقب پیش کیے ۔ بعد عصر مزار پاک پر چادر پوشی و گل پوشی کا انتظام کیا گیا ۔ عرس عزیزی کی کتابی میلہ پوری طرح کامیاب نظر آیا ، شائقین کتب کی بھیڑ اور نئی اور پرانی کتابوں کے سیل نے اس میلے میں جان ڈال دی ہے،نمازوں کی پابندی اور دیگر مراسم کی ادائیگی میں یہ عرس پاک کافی شہرت رکھتا ہے، صفائی اور ڈسیپلن کے لیے تیار مجلس خیر خواہ کے ممبران ہر جگہ دکھائی دے رہے تھے ، اذان ہوتے ہی دکانوں پر پردے ڈال دیے جاتے اور خریداری بند کردی جاتی ، مختلف قسم کے اعلانات بار بار سنائی دے رہے تھے ، جو زائرین کو شرعی حدود میں رہ تقریباتِ عرس میں شرکت کی تلقین کر رہے تھے ۔یہ ذمہ داری جامعہ اشرفیہ کے طلبہ انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ نبھا رہے ہیں ۔ انتہائی خوشی کی بات یہ ہے کہ عرس عزیزی میں خصوصی شرکت کی غرض سے شہزادۂ احسن العلماء رفیق ملت حضرت سید نجیب میاں قادری سجادہ نشین خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف تشریف لے آئے ہیں حضرت کے مقدس ہاتھوں سے فارغین کے سروں پر فضیلت کا تاج زریں رکھا جائے گا ۔ ان شاء اللہ بعد نماز عشا دوسری شب کا اجلاس عام منعقد ہوگا ، خطبا کے بیانات ہوں گے ، گیارہ بج کر ۵۵ منٹ پر قل شریف ہوگا، اس کے بعد فارغین جامعہ اشرفیہ کی دستار بندی ہوگی اور دوروزہ عرس عزیزی اختتام پذیر ہوجائے گا ۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved