14 November, 2026


تازہ ترین معلومات


۵۲؍ویں عرس عزیزی کی پہلی شب کا اجلاس

انبیا ومرسلین کی علمی میراث کی حفاظت اور اس کا فروغ الجامعۃ الاشرفیہ کا مشن ہے۔“ (مقررین)

(مبارک پور) گزشتہ شب آٹھ بجے اشرفیہ کیمپس میں سالانہ عرس عزیزی کا پہلا اجلاس سربراہ اعلیٰ علامہ شاہ عبدالحفیظ عزیزی کی سرپرستی اور مفتی بدر عالم مصباحی، مولانا محمد نعیم الدین عزیزی اور دیگر اساتذۂ اشرفیہ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔قاری محمود التمش قمری جامعہ اشرفیہ نےتلاوتِ قرآن سے اس بزم کا آغاز کیا اور تقریباً ایک بجے شب میں یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ سامعین اور زائرین کا ہجوم اور ان کا شوق سماعت متاثر کن تھا، ملک کے مشہور  مقررین نے اہم عناوین پر گراں قدر اور فکر انگیز خطابات کیے۔ ان کی تقریروں کا حاصل یہ تھا کہ آج ہم لوگ جس جلالۃ العلم اور ابوالفیض کی بارگاہ میں حاضر ہو کر خراج محبت پیش کر رہے ہیں ان کا اصل مشن تھا کہ قوم مسلم کا ہر بچہ دینی وعصری تعلیم سے آراستہ ہو اور قوم وملت کا خادم بن کر اس دنیا میں کامیابیوں کا پرچم بلند کرے اور دنیا میں ایک زندہ اور تعلیم یافتہ قوم کی حیثیت سے اس کا تعارف ہو۔ ہمارا سماج جہالت کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا نہ رہے بلکہ ہر چہار جانب علم واخلاق کا اجالا پھیل جائے، ہماری پیشانیوں میں سجدوں کی تڑپ ہو اور دل ذوق بندگی کا خوگر بن جائے۔ حسد، غیبت، جاسوسی، احسان فراموشی اور دوسری سماجی واخلاقی برائیوں سے یہ معاشرہ پاک وصاف ہو جائے۔ انبیا و مرسلین کی علمی میراث کی حفاظت اور اس کا فروغ ہی جامعہ اشرفیہ کا مشن ہے۔ مولانا جمیل اختر مصباحی نے کئی سماجی برائیوں کی نشان دہی کرکے حاضرین کو ان سے بچنے کی تلقین فرمائی، مولانا توصیف رضا مصباحی سنبھلی نے علم کی عظمت اور شراب نوشی کی قباحت پر بڑا فکر انگیز خطاب کیا، انھوں نے سامعین سے اپیل کی کہ آدھی روٹی کھائیے، اپنے بچوں کو پڑھائیے، اور سب سے پہلے فرض علوم سکھائیے۔ حافظ ملت کا مشن یاد کیجیے اور ان کا ہر پیغام دل میں محفوظ رکھیے، اپنے بچوں پر نظر رکھیے، نشے کے عادی نوجوانوں کو اس بری لت سے بچانا ہماری ذمہ داری ہے، ورنہ یہ سماج کھوکھلا ہو کر بکھر جائے گا۔ ممبئی سے تشریف لائے مولانا محمد عاقل مصباحی نے  اپنی تقریر میں امت مسلمہ کی خیر خواہی اور باہمی اتحاد پر زور دیا اور مسلمانوں کی پردی پوشی کا سبق ازبر کرایا، سامعین کو تلقین فرمائی کہ آپسی اختلاف کو ہوا نہ دیں اور یک جہتی کی فضا قائم کریں۔ مولانا محمد اذعان عزیزی نے محبت واتباع رسول پر جامع گفتگو کی۔ مولانا سید اعجاز الحسن قادری نے تقویٰ اور اچھوں کی صحبت پر اثر انگیز باتیں رکھیں اور بزرگوں کے شوق طلب علم کا تاریخی منظر حاضرین کے روبرو رکھا۔ مولانا محمد عمر نورانی نے الجامعۃ الاشرفیہ کی تعمیر وترقی کے لیے حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ اور ان کے جانشین حضرت عزیز ملت کی قربانیوں کا تذکرہ فرمایا اور تحریک اشرفیہ کے عالمی اثرات کا چشم کشا تجزیہ کیا۔ مولانا حسن رضا پوکھریروی نے فقہا ومجتہدین اور محدثین کے ناقابل فراموش کارناموں کا تذکرہ فرمایا اور اشرفیہ وحافظ ملت کے کردار پر موثر انداز میں روشنی ڈالی، انھوں نے فرزندانِ اشرفیہ کی علمی عظمت کو خراج تحسین پیش کیا۔ مشہور خطیب مفتی محمد سلمان ازہری نے اپنی مختصر تقریر میں فرمایا کہ میں یہاں تقریر کرنے نہیں آیا، بلکہ حافظ ملت کا فیض اور اساتذۂ اشرفیہ کے علمی فیضان کو حاصل کرنے آیا ہوں، یاد رکھیں کوئی جلالۃ الملک کے نام سے مشہور ہو تو تخت شاہی سنبھالتا ہے اور جو جلالۃ العلم ہوتا ہے وہ صدیوں تک دلوں پر حکومت کرتا ہے اور اس کا تعلیمی مشن مسلسل فروغ پاتا رہتا ہے۔ اسی بیچ حضرت عزیز ملت دام ظلہ العالی کے ہاتھوں قدیم وجدید فرزندانِ اشرفیہ ودیگر اہل قلم کی تقریباً ۸۰؍ کتابوں کی رسم اجرا دا کی گئی جن میں ۳۶؍ کتابیں یہاں کے طلبہ وفارغین نے تصنیف، ترجمہ، تحقیق اور تحشیہ کے ساتھ شائع کرائی ہیں، ان کتابوں کا مختصر تعارف مفتی ساجد علی مصباحی استاذ ومفتی اشرفیہ کی زبانی بغور سنا گیا۔ تقریباً ساڑھ بارہ بجے حضرت عزیز ملت کی دعا پر یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ اجلاس میں مقبول ومشہور نعت خوانوں نے اپنی مسحور کن آواز میں نعت ومنقبت کا نذرانہ پیش کیا ان میں محترم شوق فریدی، محبوب ظفر دہلوی، حافظ عبدالوکیل چھپراوی بطور خاص قابل ذکر ہیں۔ اجلاس کی باوقار نظامت مولانا محمد قیصر اعظمی نے اپنے مخصوص انداز میں فرمائی۔ اہم شرکا میں علامہ عبدالمبین نعمانی، مولانا محمد صدرالوریٰ قادری، مولانا محمد اختر کمال قادری، مفتی نسیم احمد مصباحی، مفتی زاہد علی سلامی، مولانا ازہر الاسلام ازہری، مولانا حبیب اللہ ازہری، مفتی توفیق احسن برکاتی، مولانا ارشاد احمد مصباحی، مولانا جنید احمد مصباحی، مولانا عبدالمنان مصباحی، مولانا حسین احمد مصباحی، مولانا زبیر احمد سلامی، مولانا ندیم احمد مصباحی، مفتی محمد زبیر برکاتی ممبئی، مولانا حافظ حمید الحق برکاتی، مولانا قاری شرف الدین مصباحی،مولانا راحت عزیزی، مولانا کلیم اللہ برکاتی، مولانا ابوہریرہ رضوی، مولانا غلام ربانی مصباحی وغیرہم شامل ہیں۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved