27 July, 2024


تازہ ترین معلومات


47ویں عرس حافظ ملت کا پہلا دن

۴ جنوری 2022ء سے ابوالفیض حافظِ ملت حضرت علامہ شاہ عبدالعزیز محدث مرادآبادی علیہ الرحمہ کے 47ویں عرس کا آغاز کووڈ 19 میں اترپردیش گورنمنٹ کی دی گئی گائڈ لائن کے مطابق ہوا، بعد نماز فجر قیام گاہِ حافظ ملت واقع محلہ پرانی بستی قصبہ مبارک پور میں اجتماعی قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں عوام اہل سنت کے قصبہ کے معززین اور اساتذہ اشرفیہ کی خصوصی شرکت رہی، اس نورانی محفل کی روحانیت قابل دید ہوتی ہے جس میں انتہائی خلوص کے ساتھ زائرین شریک ہوتے ہیں، قرآن خوانی کے بعد ایک مختصر اجلاس بھی ہوا جس کا آغاز حضرت قاری محمد احمد اشہر مبارک پوری کی تلاوتِ قرآن اور نعت و منقبت سے ہوا، اس اجلاس میں خطیب باکمال حضرت مولانا مسعود احمد برکاتی استاذ جامعہ اشرفیہ نے خصوصی خطاب فرمایا اور صاحب عرس حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی انھوں نے فرمایا کہ حضرت حافظِ ملت علیہ الرحمہ تقویٰ، طہارت، نیک نیتی اور اخلاق و کردار کی جس بلندی پر فائز تھے وہ بہت اہل کمال کو حاصل ہوتی ہے، انھوں نے مبارک پور قصبے میں جامعہ اشرفیہ قائم کیا اور اس کو عروج تک پہنچانے میں اپنا پسینہ نہیں خون جگر خرچ کیا ہے، ان کے اخلاق و اخلاص کا حال یہ تھا کہ اپنے لیے ایک زمین تک نہ خریدی نہ گھر بنایا، پوری زندگی اشرفیہ کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف کر دی، ان کا علمی مقام بھی بہت اونچا تھا اور کردار بھی بہت عظیم تھا، ان سے ملاقات کرنے والے، ان سے اکتساب علم کرنے والے آج بھی ان کی بے مثال سادگی اور خلوص کی تعریف کرتے نہیں تھکتے، یہی سادگی ہمیں حضرت سربراہ اعلیٰ دام ظلہ العالی میں دکھائی دیتی ہے.
اخیر میں صاحب سجادہ حضرت عزیز ملت علامہ شاہ عبدالحفیظ عزیزی نے شجرہ پڑھا اور خصوصی دعا فرمائی اور حضرت کی روح کو ایصال ثواب کیا، اس نورانی محفل میں دیگر معززین کے ساتھ حضرت علامہ نصیرالدین عزیزی، مولانا غلام حسین مصباحی، حافظ جمیل احمد عزیزی، مفتی بدر عالم مصباحی، مولانا صدرالوری قادری، مفتی نسیم احمد مصباحی، مفتی زاہد علی سلامی، مولانا نعیم الدین عزیزی، مولانا غلام نبی مصباحی وغیرہم بطورِ خاص شریک تھے، دوپہر بعد سے قصبہ کی انجمنوں نے نعت و منقبت خوانی کرتے ہوئے مزار حافظِ ملت پر چادر چڑھائی، نگر پالیکا مبارک پور نے چاروں صفائی اور سینیٹائزر کا خاص انتظام کیا ہے، پولس محکمہ بھی چوکس ہے، انتظامیہ عرس کمیٹی بھی کووڈ کی گائیڈ لائن کا لحاظ کرتے ہوئے انتظام کیا ہے تاکہ زائرین کو آسانی بھی ہو اور کوئی بدنظمی نہ ہو، مجلس خیر خواہ کے ممبران بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں اور نمازوں میں زائرین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کیمپس میں لگی دکانوں پر اوقات نماز میں پردہ لگا دیتے ہیں، مائک پر یہ نعرہ بھی گونجتا رہا کہ عرس حافظ ملت کا پیغام نماز باجماعت کا اہتمام.

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved