جامعه اشرفيه مبارك پور
اقبال نشاں ، اوجِ طرب ناک تِری خاک
اے جامعہ! ہے رشکِ صد افلاک تِری خاک
تُو معرفتِ علم و ادب کا ہے حوالہ
کرتی ہے جہالت کی قبا چاک تِری خاک
مینارۂ تحریکِ ابو ذر؛ تِرا ذرّہ
ہے جلوہ گہِ جذبۂ بیباک تِری خاک
ہے تیرا دھواں عارضِ خورشید کا غازہ
ہے غیرتِ انجم ترے خاشاک، تِری خاک
تہذیب و تمدن کا تو سرمایۂ غالی
تعلیم و تعلم کی ہے املاک تِری خاک
تو پیرہنِ فضل کا اک رنگِ حنائی
اکرام و عنایات کی پوشاک تِری خاک
نقشِ قدمِ ”حافظِ ملت“ کے تصدق
ہر عیبِ کثافت سے ہوئی پاک تری خاک
تجھ سے ہی شبستانِ تفکر کا اجالا
آنکھوں کے لیے سرمۂ ادراک تِری خاک
ثاقب قمری مصباحی
منقبت درشان حضور اسد العارفین
سید نا شاہ حمزہ عینی مارہروی
سُرور سینۂ عشقی جناب عینی ہیں
جمال جلوهٔ پیمی جناب عینی ہیں
بہ فیض آلِ محمد ہیں کاشف الاستار
امین و ماہر سیفی جناب عینی ہیں
قلندرانِ صفا و سلوک کے حق میں
ندائے ہاتفِ غیبی جناب عینی ہیں
وہ آسمان ولایت کے مہر و ماہ مبیں
بشارتِ شہ جیلی جناب عینی ہیں
ہیں نام و کام وتن و جان و قال میں یکتا
جلالتوں کی تجلی جناب عینی ہیں
ہیں میرے اچھے میاں کے وہ ملجا و ماویٰ
یوں میرے حق میں کلیدی جناب عینی ہیں
ہے میرا سارا گھرانہ غلام مارہرہ
خوشا کہ میرے مربی جناب عینی ہیں
ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی قادری برکاتی بدایونی
میں منی پور ہوں
مجھ کو بیحد یہاں ستایا گیا
میرے ہر زخم کو چھپایا گیا
میں منی پور ہوں اے اہل وطن
مجھ سے سوتیلا پن نبھایا گیا
ہیں پریشاں یہاں کے باشندے
حق کی آواز کو دبایا گیا
جل گئی مجھ میں خواہشیں سب کی
شہر کا شہر یوں جلایا گیا
میڈیا والے کچھ نہیں بولے
قہر جس وقت مجھ پہ ڈھایا گیا
میں اسی ملک کا ہوں اک حصہ
مجھ پہ پھر بھی ستم ہی ڈھایا گیا
رو پڑے سب کے سب یہاں اشرف
حال جس دم مرا سنایا گیا
محمد اشرف رضا قادری، چھتیس گڑھ
Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia
All rights reserved
05462-250092
info@aljamiatulashrafia.org