علامہ بدر القادری کی مختصر مگر جامع کتاب
سید صابر حسین شاہ بخاری
علامہ بدر القادری مصباحی رحمۃ اللہ علیہ احقاق حق اور ابطال باطل میں اپنی مثال آپ تھے ۔ آپ نے ہمیشہ اسلام اور سنیت کا دفاع کیا اور باطل فرقوں اور فتنوں کا تعاقب کیا ۔ ان فرق ہائے باطلہ میں فتنۂ قادیانیت بھی آپ کے قلم کے نشانے پر رہا ۔
عقیدۂ ختم نبوت کی اہمیت و افادیت اظہر من الشمس ہے ۔ خلیفۂ اوّل حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور خلافت میں جب یمامہ سے مسیلمہ کذاب نے اپنی جھوٹی نبوت کا دعویٰ کیا تو حضرت سیف اللہ خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قیادت میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم نے اس فتنۂ خبیثہ کے خلاف فیصلہ کن جہاد کیا اور مسیلمہ کذاب اور اس کے حامیوں کو شکست فاش سے دوچار کیا ۔ ختم نبوت کے دفاع میں یہ معرکۂ اولیں تھا جس میں بارہ سو سے زائد صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم نے جام شہادت نوش فرمایا تھا ۔
اسی طرح تابعین ، تبع تابعین اور سلف صالحین اپنے اپنے دور میں کذابوں کا مقابلہ کرکے عقیدۂ ختم نبوت کا دفاع کرتے رہے ۔
برصغیر میں قادیان (گورداس پور) سے مرزا غلام قادیانی مسیلمۂ پنجاب بن کر سامنے آیا اور اپنی چکنی چپڑی باتوں سے مسلمانوں کو اپنے دام تزویر میں پھنساتا رہا ۔
علما و مشائخ نے فتنۂ قادیانیت کے رد و ابطال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی لیکن ان کی کاوشوں کے باوجود "مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی" یہ فتنۂ عظیمہ بن کر پھیلتا ہی چلا جا رہا ہے۔ اس فتنۂ خبیثہ کو یہود ونصاریٰ کی سرپرستی اور لبرل اور سیکولر طبقہ کی آشیر باد حاصل ہے۔
حضرت علامہ بدر القادری مصباحی رحمۃ اللہ علیہ نے جہاں اپنی تقاریر سے اس فتنۂ عظیمہ کا رد بلیغ کیا ہے وہاں آپ نے جہاد بالقلم کے محاذ پر بھی اس کا تعاقب فرمایا ہے ۔
آپ نے "ختم نبوت اور رد قادیانیت" کے عنوان سے ایک مختصر مگر جامع کتاب لکھی ہے ۔ یہ کتاب مستطاب دو ابواب پر مشتمل ہے ۔
پہلے باب میں بارہ عنوانات ہیں ۔
پہلا عنوان ”لفظ خاتم لغت میں“ ہے لغت کی روشنی میں خاتم کا معنی و مفہوم دیا گیا ہے اور قادیانی مغالطوں کا ازالہ کیا گیا ہے ۔
دوسرا عنوان ” متکلمین کے فیصلے“ ہے ۔ اس کے تحت علامہ ابن کثیر ، علامہ سید محمود آلوسی ، علامہ ابن حبان اندلسی ، امام ابو حامد محمد بن محمد الغزالی،علامہ قاضی عیاض مالکی اورعلامہ تفتازانی کے ارشادات و فرمودات کی روشنی میں خاتم النبیین کا معنی و مفہوم واضح فرمایا گیا ہے اور قادیانی مغالطوں کا ازالہ کیا گیا ہے ۔
تیسرا عنوان ” قصر نبوت کی آخری اینٹ“ ہے ۔ اس میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی مشہور حدیث صحیح اسناد کے ساتھ دی گئی ہے جو صحیح بخاری و مسلم وغیرہ کتب میں موجود ہے ۔
اس حدیث کی روشنی میں ظلی ، بروزی وغیرہ تمام مصنوعی اقسام نبوت کا پردہ فاش فرما دیا ہے اور دلائل و براہین کی روشنی میں تمام نبوتوں کا دروازہ بند ہو کر رہ گیا ہے۔
چوتھا عنوان” گروہ انبیاء علیہم السلام سے پوچھو“ ہے۔
اس میں حضرت آدم علیہ السلام، حضرت موسیٰ کلیم اللہ علیہ السلام اور حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کے ارشادات و فرمودات کی روشنی میں اور معراجِ النبی کے حوالے سے پیغمبر آخرالزماں حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاتمیت کا استدلال کیا گیا ہے ۔
پانچواں عنوان ” عرصۂ قیامت میں اعلان ختم نبوت“ ہے اس میں حدیث شفاعت سے ختم نبوت کا استدلال کیا گیا ہے ۔
چھٹا عنوان ” خاتم النبیین کے بعثت کا انتظار“ ہے ۔ اس میں فاضل محقق اور مصنف نے ثابت فرمایا کہ بعثت سے پہلے خانقاہوں اور گرجوں میں معتکف کتب سماوی کا علم رکھنے والے راہبین کو بھی معلوم تھا کہ سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاتم النبیین اور آخر الرسل ہیں ۔ اس میں آپ نے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کے رسالہ ”جزاء اللہ عدوہ بابائہ ختم النبوۃ“ سے بھی حوالے پیش فرمائے ہیں ۔
یہاں اعلیٰ حضرت بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کا ایک اقتباس ملاحظہ فرمائیں:” اللہ اللہ ، اس زمانے کے یہود ونصاریٰ و مجوس تو بالاتفاق حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم پر نبوت ختم ہو جانے کی شہادتیں دیں اور آج کل کے کذاب بدلگام مدعیان اسلام یہ شاخسانے نکالیں ۔“
اسی عنوان کے تحت اسمائے نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سے حاشر، عاقب، مقفی اور ملاحم سے بھی ختم نبوت کا استدلال کیا گیا ہے ۔
ساتواں عنوان ” خاتمیت پر نص قرآنی“ ہے ۔ اس میں سورۃ الاحزاب کی آیت نمبر چالیس جسے آیت ختم نبوت بھی کہا جاتا ہے کی تشریح و تفسیر دی گئی ہے ۔
آٹھواں عنوان ” عقیدۂ ختم نبوت اور تاریخ اسلام“ ہے ۔ اس میں تاریخ اسلام میں سےدور صدیقی میں مدعیان نبوت کا ہولناک انجام دیا گیا۔ مسیلمہ کذاب اور اسود عنسی کا عبرت ناک انجام دیا گیا ہے اور مسیلمہ کذاب کو کذابوں کا محور قرار دیا گیا ہے ۔ نوواں عنوان ” عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ اور صحابہ کرام کی سرفروشی“ ہے ۔ اس میں عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ میں یمامہ کے مقام پر معرکۂ اولیں کا مختصر مگر جامع احوال دیا گیا ہے اور عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کی سرفروشی اور فدا کاری رقم کی گئی ہے ۔
دسواں عنوان ”مرزا قادیانی“ ہے ۔ اس میں فتنۂ قادیانیت کے بانی مرزا غلام قادیانی آنجہانی کا مختصر تعارف دیا گیا ہے ۔
گیارہواں عنوان ” قادیانیت کا جائزہ“ ہے اس میں فتنۂ قادیانیت کے باطل عقائد و نظریات کی قلعی کھولی گئی ہے ۔ اللہ تعالیٰ ، نبوت ورسالت اور انبیاء علیہم السلام کے بارے میں اس فتنۂ خبیثہ کی گستاخیاں اور بے باکیاں دی گئی ہیں ۔
دلائل و براہین کے اجالے میں مرزا قادیانی کو فرنگی ایجنٹ اور انگریز کا خود کاشتہ پودا قرار دیا گیا ہے ۔
کتاب کے دوسرے باب میں عقیدۂ ختم نبوت کے حوالے سے بیالیس احادیث نبویہ پیش کی گئی ہیں تمام احادیث کی اسناد دی گئی ہیں اور عربی متن کے ساتھ اردو زبان میں رواں دواں ترجمہ بھی دیا گیا ہے ۔ ہماری نوجوان نسل کو فتنۂ قادیانیت ، فتنۂ ذکریت اور فتنۂ بہائیت سے بچانا ہم سب کا فرض اولیں ہے ۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں طلبا کرام کو یہ تمام احادیث نبویہ ازبر کرانا بہت ہی ضروری ہے ۔
ہمارے آئمۂ مساجد اور ہمارے مدارس میں ان احادیث نبویہ کا درس دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
مجموعی طور پر عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنۂ قادیانیت کے رد میں یہ کتاب مختصر مگر جامع اور مفید تر ہے ۔
فاضل محقق اور مصنف علامہ بدر القادری مصباحی رحمۃ اللہ علیہ نے نہایت ہی محققانہ اور ناصحابہ انداز میں یہ کتاب ترتیب دی ہے ۔ کتاب کا اسلوبِ تحریر عام فہم ، سہل اور شستہ ہے ۔
آپ نے اس مختصر سی کتاب میں عقیدۂ ختم نبوت کی نہایت ہی جامع تشریح و توضیح پیش فرمائی ہے اور فتنۂ قادیانیت کی نقاب کشائی بھی اس کی کتابوں کی خانہ تلاشی لے کر فرمائی ہے ۔ گویا آپ نے دریا کو کوزے میں بند فرما دیا ہے ۔ اس کتاب کے مطالعہ سے قاری اس موضوع پر بڑی اور ضخیم کتابوں سے بے نیاز ہو کر رہ جائے گا ۔
فاضل محقق اور مصنف علامہ بدر القادری مصباحی رحمۃ اللہ علیہ کے نبیرہ محبی مخلصی عزیزی مولانا ذیشان رضا امجدی زید مجدہ اہل سنت کے ایک باذوق اور نہایت ہی فعال نوجوان عالم دین ہیں ۔ آپ اس کتاب مستطاب کی از سر نو ترتیب و تدوین فرما کر امسال حضرت بدرالعلما رحمۃ اللہ علیہ کے تیسرے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر نہایت ہی آب و تاب سے شائع فرما کر منظرِ عام پر لا رہے ہیں ۔ ماشاءاللہ ، بہت خوب اللہم زد فزد ۔
ناچیز ہیچ مدان آپ کو عقیدۂ ختم نبوت کے حوالے حضرت بدر العلما علامہ بدر القادری مصباحی رحمۃ اللہ علیہ کی یہ نادر و یادگار کتاب منظر عام پر لانے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد اور ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے ۔
اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل آپ کی اس علمی و فکری کاوش کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت سے نوازے اور اسے شہرت عام اور بقائے دوام بخشے ۔
آمین ثم آمین یارب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین
Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia
All rights reserved
05462-250092
info@aljamiatulashrafia.org