22 December, 2024


ماہنامہ اشرفیہ


Book: The Monthly Ashrafia March 2023 Download:Click Here Views: 236258 Downloads: 4941

(18)-جامعہ اشرفیہ کا تعاون

زیبا ارم عزیزی

جامعہ اشرفیہ مبارک پور بر صغیر کا عظیم ترین دینی اور علمی ادارہ ہے۔ یہاں ملک اور بیرون ملک سے طالبانِ علوم نبویہ کثیر تعداد میں علم و آگہی اور فکروفن کے حصول کے لیے آتے ہیں۔ ہم یہ بہ خوبی جانتے ہیں کہ تمام امیدواروں کا داخلہ ممکن نہیں ہوتا مسئلہ صرف ایڈمشن کا نہیں ہے ان کے قیام و طعام کا انتظام اور قیام گاہوں کی قلت ہے ۔ مثال کے طور پر شعبان ۱۴۴۴ھ مارچ ۲۰۲۳ء میں صرف اعدادیہ میں آٹھ سو انتیس  کے قریب طلبہ ٹیسٹ میں بیٹھے ، اب اگر ان سبب کو لے لیا جائے تو ان کے قیام و طعام اور ہاسٹل  اور درس گاہوں کا انتظام کہاں سے ہوگا ، اس لیے ہوتا یہی ہے کہ ضرورت بھر طلبہ کو داخل کر لیاجاتا ہے۔

بفضلہٖ تعالیٰ فرزندانِ  اشرفیہ اپنے ناموں کے ساتھ لفظ مصباحی لکھتے ہیں یہ عام طور پر دینی، علمی،  فقہی اور ادبی میدانوں میں ممتاز اور فائز المرام ہیں۔ ماشاء اللہ سیاست اور صحافت کے میدانوں میں بھی اپنی ایک منفرد شناخت رکھتے ہیں ،رشد و ہدایت کے بلند مقامات پر بھی فائز ہیں، آج دنیا کے کروڑوں لوگ ان کی خانقاہی نسبتوں سے وابستہ ہیں۔ سلسلہ قادریہ ، ، سلسلہ چشتیہ ،سلسلہ نقشبندیہ اور سلسلہ سہر وردیہ و غیره جس خانقاہ پر نظر ڈالیں عام طور پر فرزندانِ  اشرفیہ نظر آئیں گے آپ ہند اور بیرون ہند کی درسگاہوں میں دیکھیں  عام طور پر منصبِ صدارت پر یہی نظر آئیں گے، بے شمار شیخ الحدیث ہیں جو مسند حدیث پر بیٹھ کر درس حدیث دیتے ہیں۔ علم وادب کے دیگر گوشوں پر بھی ان کی باوزن اور علمی شناخت ہے، عربی ادب کے بڑے بڑے اکابر بھی مصباحی برادران ہیں۔ تصنیف و تالیف کے میدانوں میں انہیں کی کج کلاہی ہے۔ جس شعبے پر نظر ڈالو انھی کی عظمت اور سر بلندی مسلّم نظر آتی ہے۔ درس گاہی کتب کے حواشی اور شروحات پر بھی ان ہی کی دسترس ہے۔ مجلس برکات نے اعدادیہ سے دورۂ حدیث تک کی تمام کتب اہل سنت کے حواشی کے ساتھ شائع کریں اور مصنفین  اور حاشیہ نگاروں کے احوال کے ساتھ طبع کرنا ایک تاریخی کارنامہ ہے جو ان ہی اہل قلم نے انجام دیا۔

اگر آپ سنجیدگی سے موجودہ حالات کا جائزہ لیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ علمی، تحقیقی کتابیں ان ہی کے فکر و قلم کی دین ہیں۔ کون نہیں جانتا کہ بخاری، مسلم اور موطا وغیرہ کی شراحات بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔  شخصیات اور رضویات پر بھی انہیں کی عظیم خدمات ہیں۔ جہاں تک ہماری معلومات ہے رضویات پر انہیں حضرات کا علمی اور تحقیقی کام اہم ہے ۔ صحافت کے میدان میں بھی انہوں نے کلیدی کارنامے انجام دیے۔ المیزان کا ضخیم امام احمد رضا نمبر بھی مصباحی قلم کاروں کی دین ہے اور ماہنامہ اشرفیہ مبار ک پور کا سیدین نمبر بھی  انہیں کا یادگار کارنامہ ہے اور جو رسالہ ایک لمبے عرصے سے پابندی سے جاری ہے اس کا نام ماہنامہ اشرفیہ مبارک پور ہے جو جامعہ اشرفیہ مبارک پور کا علمی اور دینی ترجمان ہے۔

بلا شبہ حضور حافظ ملت ایک عظیم بزرگ اور دور اندیش عالم ربانی اور منصوبہ ساز شیخ طریقت تھے۔

قناعت جس پہ کرتی  ناز تقویٰ جس کا شیدائی

ہزاروں محفلوں پر بھاری جس کی ایک تنہائی

 آج فرزندان اشرفیہ ملک کے بڑے شہروں میں بڑے مناصب پر فائز ہیں، اسی طرح عالمی سطح پر جو دین و دا نش  اور دعوت وتبلیغ کے فرائض  انجام دے رہے ہیں ماشاء اللہ تعالیٰ ان کے بھی بڑے اثرات ہیں۔ اب در اصل رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہے،  اہل خیر نماز و روزے کے ساتھ زکات و صدقات بھی نکالتے ہیں، بلا شبہ بعض مصباحی برادران اس جہت سے بھی توجہ دیتے ہیں اور اپنے متعلقین سے جامعہ اشرفیہ مبارک پور کا تعاون کراتے  ہیں۔ مگر اس کے باوجود بھی ابھی اس کی ضرورتیں زیادہ ہیں ابھی تعمیری امور کی ایک لمبی فہرست ہے، آپ جانتے ہیں کہ اس مہنگائی کے دور میں چند اینٹیں  لگوانا بھی مشکل ہوتا ہے ، خیر یہ تو ایک ادارہ ہے ،قوم کے نیک حضرات تعاون فرماتے  ہیں تو کام بھی ہو ہی جاتے ہیں ،مگر ابھی متعدد بلڈ نگیں نا مکمل ہیں، نئی عمارتیں اشرفیہ کی زمین پر اترنے کے لیے آواز دے رہی ہیں۔ عزیز المساجد کا اکثر کام تو ہو چکا ہے مگر ابھی بہت کچھ باقی ہے ۔ مزید آپ غور کریں کہ طالبانِ علوم نبویہ کی تعداد، اگرچہ کثیر رہتی ہے اہل سنت کے مدارس میں توخیر سب سے زائد ہے مگر دیگر اداروں کے مقابل ابھی کم اور بہت کم ہے ۔ طلبہ کی تعداد بڑھے گی تو اسٹاف بھی بڑھانا ہو گا، ہاسٹل اور درسگاہوں میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔ ہم آپ سب مسلمانون سے اور خاص طور پر مصباحی برادران سے گزارش کرتے ہیں کہ الیکٹرانک ذرائع سے زیادہ سے زیادہ مدد کریں اور احباب و متعلقین سے کرائیں۔

تعاون کے لیے چند تجویز پیش ہیں:

(۱)-گیارہ ہزار ایک سو گیارہ روپئے ادا کر کے اعزازی ممبری قبول فرمائیں۔

(۲)-تعمیرات میں حصہ لیں۔

(۳)-عزیز المساجد کی تعمیر میں شرکت قبول کریں۔

(۴)-لائبریری کے لیے کتب وقف کریں۔

 اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے ۔آمین۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved