22 December, 2024


ماہنامہ اشرفیہ


Book: The Monthly Ashrafia March 2023 Download:Click Here Views: 236246 Downloads: 4940

(17)-جامعہ اشرفیہ اور فرزندانِ اشرفیہ کی ذمہ داریاں

از: مولاناناظم علی  مصباحی

جامعہ اشرفیہ اورفرزندانِ اشرفیہ کی ہمہ جہت دینی و ملی خدمات آفتاب روز ِروشن سے زیادہ نمایاں و آشکارا ہیں۔ تصنیف و تالیف، تحقیق و تدقیق، خطابت و تدریس، مناظرہ و مکالمہ، مباحثہ و محاکمہ  اور تنظیم و تحریک وغیرہ میں فرزندانِ اشرفیہ نے اپنی گراں قدر خدمات کے جو نقوش چھوڑے ہیں وہ آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہیں، آج حضور حافظِ ملت کی روشن یادگار جامعہ اشرفیہ کا جھالا نہ صرف ملک ہند بلکہ بیرونِ ہند بھی برس رہا ہے۔ فرزندانِ اشرفیہ اپنی گراں قدر علمی و ملی خدمات سے عالمِ اسلام کو فیض یاب کر رہے ہیں اور ان کی سیرابی کا سامان فراہم کر رہے ہیں۔ فرزندانِ اشرفیہ کی ہمہ جہت خدمات کی رم جھم بارش عالمِ اسلام کو نہ صرف فیض بخش رہی ہے بلکہ اس بات کا اذعانِ کامل عطا کر رہی ہیں کہ استاذ العلما، جلالۃ العلم، ابو الفیض، سیدنا سرکار حافظِ ملت علیہ الرحمہ نے یقینِ محکم کے ساتھ جو علمی گلشن لگایا تھا اس کا ہر گل و غنچہ اپنی ایک انفرادی شان رکھتا ہے۔ نہ صرف دینی دانش گاہوں میں فرزندانِ اشرفیہ کی دینی و علمی خدمات کی دھوم مچی ہوئی ہے، بلکہ دنیاوی دانش گاہیں زبانِ حال سے اس بات کی روشن شہادت دے رہی ہیں کہ چمنستانِ حافظِ ملت کے لعل و گہر دینی علوم و فنون کے ساتھ دنیاوی علوم و فنون میں بھی اہم و امتیازی مقام رکھتے ہیں۔ طالبانِ تحقیق کی روشن تحقیقات کو حرزِ جاں بناتے ہیں اور ان کی علمی تحقیقات کے حضور اپنی جبینِ نیاز خم کرتے ہیں، با فیض خانقاہوں کے مقتدر مشایخ کرام کی زبانِ فیض ترجمان جامعہ اشرفیہ  اور فرزندانِ اشرفیہ کی گراں قدر خدمات کا برملا اعتراف کرتی ہے اور اس کے علمی کارواں کا بامِ فلک اور اوجِ ثریا تک پہنچانے کی دعوت دیتی ہے۔

فرزندانِ اشرفیہ دینی مناصب کے ساتھ اہم دنیاوی مناصب پرفائز ہوکر مکمل امانت و دیانت کے ساتھ اپنے فرائضِ منصبی کو انجام دینے میں سرگرمِ عمل ہیں۔ حضور حافظِ ملت نے اخلاص و للہیت کے جذبۂ صادق کے ساتھ جو شجرِ طوبیٰ لگایا تھا، اس شجرِ طوبیٰ کی بو ے مشک بار ہر جا محسوس کی جا رہی ہے۔ اربابِ علم و دانش، صاحبانِ فکر و نظر اور طالبانِ تحقیق فرزندانِ اشرفیہ کی علمی تحقیقات کو قدر کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔ فرزندانِ اشرفیہ کی علمی دھمک ہر جا محسوس کی جاتی ہے اور ان کی قدر دانی ہوتی ہے۔ جامعہ اشرفیہ اپنی روشن خدمات کی بنیاد پر عالمِ اسلام میں ازہرِ ہند کے مبارک نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ فرزندانِ اشرفیہ نے جو علمی دانش گاہیں، تحقیقی ادارے، تنظیمیں اور تحریکیں قائم کی ہیں، ان پر غائرانہ نظر ڈالنے والا فرزندانِ اشرفیہ کو داد و تحسین دیے بغیر نہیں رہ سکتا۔ جامعہ اشرفیہ اور فرزندانِ اشرفیہ کی روشن خدمات کی بنیاد پر اربابِ علم و دانش اور طالبانِ تحقیق جامعہ اشرفیہ اور فرزندانِ اشرفیہ کی طرف رجوع کرتے ہیں۔ آج جامعہ اشرفیہ لوگوں کے دلوں کی دھڑکن ہے، جامعہ اشرفیہ اور فرزندانِ اشرفیہ کی گراں قدر خدمات قابلِ تقلید، لائقِ عمل اور مشعلِ راہ ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس علمی کارواں کو آگے بڑھایا جائے اور فرزندانِ اشرفیہ کے نقوش و خطوط کو اختیار کیا جائے اور طالبانِ علم و فن کی علمی تشنگی بجھائی جائے۔ آج پھر امت کو لائق افراد کی حاجت ہے، اگر جامعہ اشرفیہ اور فرزندانِ اشرفیہ کے نقوش و خطوط و اختیار کیا جائے اور اس کی قائم کردہ زمین پر کا کیا جائے تو لائق افراد کی تشکیل میں  اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے اور ملتِ بیضا کے کارواں کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے اور دینِ حق کی حقانیت کا پرچم عالمِ اسلام میں بلند کیا جا سکتا ہے۔ وما توفیقی الا باللہ علیہ توکلت و علیہ انیب

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved