22 November, 2024


ماہنامہ اشرفیہ


Book: The Monthly Ashrafia Jan 2023 Download:Click Here Views: 79653 Downloads: 1247

(14)-انوار حقہ پبلی کیشنز اٹک کی دو عظیم کتابوں کی اشاعت

تبصرہ نگار: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری

ڈاکٹر امجد حسین کاظمی   صاحب نے فقیر کی تحریک و تشویق پر مملکت خداداد پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع  اٹک میں اپنے والد گرامی مبلغ اسلام،    علامہ مولانا مفتی قاضی  حافظ انوار الحق شمس آبادی ﷫ (م:1402ھ/1981ء ) کی یاد میں ایک اشاعتی ادارے  انوار حقہ پبلی کیشنز اٹک کا قیام عمل میں لایا  اور اس کے زیر اہتمام اپنے آباؤ و اجداد   کی تصنیفات و تالیفات کو ایک صدی کے بعد جدید تقاضوں کے مطابق  شائع کرنے کا ایک ایسا حسین و جمیل سلسلۂ طباعت واشاعت کیا شروع کیا جو نہایت ہی برق رفتاری سے اپنے اہداف کی جانب بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے ۔

  انھوں نے سب سے پہلے    اپنے جد امجد مصنف تصانیف کثیرہ حضرت علامہ مولانا مفتی قاضی غلام گیلانی شمس آبادی ﷫ (م:1348ھ/1930ء)  کی تصانیف کو از سر نو شائع کرنے کا بیڑا اٹھایا اور ختم نبوت کے تحفظ اور فتنۂ قادیانیت کے رد میں ان کی ایک نہایت ہی اہم کتاب” تیغ غلام گیلانی بر گردن قادیانی“     کا نہ صرف بریلی شریف کا عکسی ایڈیشن چھاپا بلکہ اسے جدید انداز میں بھی سامنے لایا ۔ یہ اپنے موضوع پر نہایت ہی لاجواب اور بے مثال کتاب ہے۔

 اسی طرح آپ نے اسی کتاب کی روشنی اور رہنمائی میں خود بھی قلم اٹھایا اور  ”قادیانیت کی گرتی دیوار کو ایک دھکا اور“ کے عنوان سے    کتاب رقم فرمائی۔  اپنے دادا محترم کے بھائی علامہ مولانا مفتی قاضی غلام ربانی چشتی ﷫ (  م:1365ھ/1946ء) کی میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے ایک نہایت ہی  اہمیت کی حامل کتاب شائع کرکے عام کی ہے۔ اسی طرح آپ نے اپنے اجداد  کی کئی کتابیں چھاپ کر عام کی ہیں۔ ہنوز یہ سلسلہ نہایت ہی تیزی سے جاری و ساری ہے۔

 اس ماہ ربیع الآخر 1444ھ/نومبر 2022ء  کے آواخر میں انوار حقہ پبلی کیشنز اٹک کی دو نئی مطبوعات چھاپ کر سامنے آئی ہیں۔

 پہلی کتاب ” جمع عبارات در فضائل حضرات سادات “ ہے۔   یہ ماہر عریف ، جامع فضائل، قامع رذائل حضرت علامہ مفتی قاضی غلام گیلانی نقشبندی ﷫ کے اثر خامہ کا نتیجہ ہے۔  اس کتاب کا پہلا ایڈیشن 1332ھ/1911ء میں شائع ہوا۔ ضرورت تھی کہ اس کتاب کا ایک ایسا ایڈیشن سامنے لایا جائے جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو ۔ چنانچہ  ایک سو بارہ سال کے طویل عرصے بعد یہ سعادت آپ کے خانوادے کے ایک فرد فرید علامہ ڈاکٹر امجد حسین کاظمی سیفی زید مجدہ  کے حصے میں آئی۔ فقیر کی تحریک و تشویق پر   کتاب کے اس ایڈیشن  کی عزیزی ظفر محمود قریشی زید مجدہ نے نہ صرف مشینی کتابت کی بلکہ انہوں نے اس کی نہایت ہی احسن انداز میں اس کی تخریج کی اور مفید حواشی بھی لکھ دیے۔ یوں یہ کتاب عام  قاری کے لیے بھی آسان اور عام فہم کر دی گئی ہے۔آخر میں پہلے ایڈیشن کے بھی چند  صفحات کے عکس شامل کر دیے گئے ہیں ۔ یہ کتاب چند فصلوں پر مشتمل ہے اور قرآنی آیات اور احادیث نبویہ سے مزین ہے۔   کتاب بڑے  سائز میں 152صفحات  پر محیط ہے ۔اس نہایت ہی پرفتن دور میں اس کی اشاعت وقت کے عین تقاضے کے مطابق ہے۔   فتنۂ خارجیت ، رافضیت اور ناصبیت کی فتنہ سامانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں ۔ ان فتنوں کے رد و ابطال میں اس کتاب کا مطالعہ بہت ہی ضروری ہے۔  یہ کتاب ہر لائبریری ،ہر خانقاہ بلکہ گھرانے میں پہنچنی چاہیے تاکہ فکر و نظر میں مزید جلا اور نکھار آسکے اور طوفان بدتمیزی سے بچا جا سکے۔

 دوسری کتاب ” خطبات سلیم“ ہے جو  آپ کے برادر اکبر علامہ صاحب زادہ پروفیسر قاضی محمد سلیم شمس آبادی زید مجدہ  کے خطبات و تقاریر کا ایک حسین و جمیل مجموعہ ہے جس میں مختلف موضوعات پر آپ کے چونتیس خطبات کو احاطۂ تحریر میں لایا گیا ہے۔   یہ    نہ صرف محققین کے لیے بلکہ مقررین اور خطبا  کے لیے بھی ایک نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہے۔  اسے اپنے مطالعہ میں لائیں اور ہمیشہ کےلیے حرز جاں بنائیں۔” خطبات سلیم“   بھی  بڑے سائز میں ہے اور پانچ سو بیس صفحات کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔  ہر سلیم الفطرت اور باذق قاری کے لیے ان ”خطبات سلیم “.کا مطالعہ بہت ہی ضروری ہے۔

 ان دونوں گراں قدر کتابوں پر فقیر کو تقدیمات لکھنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔  اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ ﷺ کے طفیل  ہمارے ممدوح علامہ ڈاکٹر امجد حسین کاظمی سیفی صاحب زید مجدہ کے علم و عمل میں مزید برکتیں عطا فرمائے اور انہیں ہمیشہ شاد وآباد اور با مراد رکھے۔  آمین ثم آمین 

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved