30 July, 2025


ماہنامہ اشرفیہ


Book: The Monthly Ashrafia August 2025 Download:Click Here Views: 263 Downloads: 20

(16)-خیابان حرم

منظومات

 

مناجات

دعاؤں میں اثر رحمان دے دے

ہمیں حج کا سفر رحمان دے دے

دکھا دے پیارا پیارا پیارا کعبہ

سرِ خم چشمِ تر رحمان دے دے

وہ میٹھا میٹھا زم زم جس کے آگے

نہیں کچھ آب زر رحمان دے دے

صفا مروہ منیٰ عرفات مولا

نبی کی رہ گزر رحمان دے دے

غموں کی شام سے دوچار ہیں ہم

مدینے کی سحر رحمان دے دے

جنھیں لے جا سکوں اس بارگہ میں

وہ دل مولا وہ سر رحمان دے دے

سنہری جالیوں کو دیکھنا ہے

ادب والی نظر رحمان دے دے

کرم کردے کرم والے نبی کا

کرم والا نگر رحمان دے دے

دمِ آخر ہو پرواؔنہ کی چاندی

بقیع پاک گر رحمان دے دے

پروانہؔ برہان پوری

8871702698

 

 

آپ کا

دونوں عالم میں نہیں ہے کوئی ہم سر آپ کا

اس قدر اعلیٰ ہے رتبہ میرے سرور آپ کا

آپ سے جب لو لگی حق تک رسائی ہوگئی

کامراں ہے، لے چلا جو نقش دل پر آپ کا

کون دوجا ہے جہاں میں پیروی کے واسطے

رہنما قول و عمل ہے بندہ پرور آپ کا

حور کی چاہت نہ ہم کو خلد کی ہے جستجو

رشک جنت ہے ہمارے واسطے در آپ کا

بوجھ بھاری ہے خطا کا سر پہ لیکن اے جمال

آسرا ہے عاصیوں کو روز محشر آپ کا

جمال کاکوی، پٹنہ—7870662357

 

 

آپ ہی سے ہے

ایمان ٬ علم ٬ فکر و نظر آپ ہی سے ہے 

شاداب زندگی کا شجر آپ ہی سے ہے 

ظلم و ستم کے قصر میں طاری ہے زلزلہ

 ایوانِ کفر زیر و زبر آپ ہی سے ہے

ایمان و عدل آپ سے پھیلے جہان میں

کفر و جفا کی ٹوٹی کمر آپ ہی سے ہے

تخلیقِ کائنات ٬ ضیائے مہ و نجوم

بی آمنہ کے لختِ جگر آپ ہی سے ہے

اے گل عذارِ گلشنِ دنیاے ہست و بود

”شاداب باغِ دل کا شجر آپ ہی سے ہے“

انسانیت کو آپ نے بخشی ہے آبرو 

معراجِ اِنس خیرِ بشر آپ ہی سے ہے

ایوانِ فکر روے منوّر سے ضو فشاں

روشن ہماری راہ گذر آپ ہی سے ہے

اک چشمِ التفات ادھر بھی مرے حضور 

احمدؔ کی شامِ غم کی سحر آپ ہی سے ہے

 

مولانا طفیل احمدؔ مصباحی

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved