شمس الحق قادری مصباحی
مرکزِ اہلِ سنت دار العلوم قادریہ غریب نواز لیڈی اسمتھ کے جلسہ دستار بندی منعقدہ 19تا 21 جنوری 2024 عیسوی میں عزیز ملت حضرت علامہ الشاہ عبد الحفیظ حفظہ اللہ الحفیظ العزیز، سربراہ اعلیٰ ازہر ہند الجامعة الأشرفيه مبارکپور کی شرکت نے جملہ وابستگان محراب ومنبر کو تازہ دم کردیا۔ آپ ایک لمبے وقفے کے بعد تشریف لائے مگر اس بار آپ کے شہزادہ والا تبار نعیم ملت حضرت مولانا نعیم الدین عزیزی مصباحی صاحب آپ کے ساتھ تشریف لائے۔
دارالعلوم کے کامیاب پروگراموں کے بعد سید العلما حضرت سید علیم الدین اصدق مصباحی نے احباب سے مشاورت فرمائی اور آگے دوسرے پروگراموں کی ترکیب بنی۔ بالآخر حضور عزیز ملت نے اپنے مصباحی غلاموں کے اصرار پر لیلونگوے ملاوی کے لیے حضرت مولانا نبیل معینی کی پر خلوص دعوت قبول فرمالی۔
ڈربن میں حضرت علامہ فتح احمد بستوی مصباحی اور مفتی قیصر علی مصباحی کی دعوت اور برادرم فرہاد مولانا عزیزی کی ضیافت میں ایک پر کیف پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ دار العلوم اعلیٰ حضرت چیٹس ورتھ کے قیام کو حضرت نے بہت سراہا طلبہ اور اساتذہ کو دعاؤں سے نوازا۔
بینونی، جوہانس برگ میں محب گرامی قدر حضرت مولانا سید ارشد اقبال نے ایک تاریخی پروگرام منعقد فرمایا۔ کثیر تعداد میں علما وعوام نے شرکت کی بالخصوص مصباحی علما اور محبان حافظ ملت نے خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور یہیں سے حضرت علامہ غلام حسین مصباحی کی زبانی ازہر ہند مادر علمی الجامعة الأشرفيه کے لیے اعزازی ممبر سازی کی تحریک کا متفقہ اعلان ہوا۔ فالحمد للہ علی ذالک۔
ملاوی سے برادر گرامی قدر حضرت مفتی منظر وسیم مصباحی مسلسل رابطے میں تھے۔ اور وطن عزیز سے ہی حضرت کی آمد کے لیے کوشاں تھے۔
دار الحکومت شھر لیلونگوے میں تنظیم اہل سنت و الجماعت ASF کے مرکزی ادارہ کے طلبہ وطالبات کی فراغت اور سالانہ عید میلاد النبی کا سہ روزہ جلسہ تھا۔ حضور عزیز ملت کی اس دیار میں پہلی تشریف آوری تھی۔ سالوں سے مصباحی جیالوں کی قربانیاں, چوکڑیاں اور بے لوث سرگرمیاں دیکھنے والوں نے پہلی بار ان کے سرخیل اور میر کارواں کو دیکھا تھا۔ لوگوں نے عزیز ملت کی شخصیت پر حضور حافظ کے دوہرے اور بڑے گہرے رنگ کو محسوس کیا۔ انھوں نے فرزندان اشرفیہ کے اس محسن و مربی کو دیکھا جو زاہد شب زندہ دار اور تہجد گذار ہے، جس کی سادگی اور چہرے کی نورانیت بڑی انوکھی اور دلکش ہے- جو کم گو شیریں کلام، اصاغر نواز اور اکابر کا قدر دان ہے۔ جو ہمیشہ جوڑ کی بات کرتا ہے۔ جو تحمل اور برداشت اور عفو و درگذر کی تاکید کرتا ہے۔ جو اپنے نونہالوں کو خدمتِ خلق اور تبلیغ دین کے کاموں پر لگاتا ہے۔ جو زبانِ حال سے ہمیشہ اپنے فارغین کو درسِ عمل دیتا ہے:
”اے جامعہ کے فارغ ملت کی لاج رکھنا“۔
حضور عزیزِ ملت کے اس سفر میں، الحمدللہ، فقیر کو خدمت کا بہت زیادہ موقع ملا۔ ملاوی سے واپسی پر ڈربن سےسرمایہ اہل سنت، خلیفۂ حضور مفتیِ اعظم ہند حضرت علامہ عبد الھادی بطور خاص حضرت سے ملاقات کے لیے تشریف لائے۔ لنچ اور نماز ظہر کے بعد بڑی پرکیف نشست رہی۔
عشائیہ حضرت علامہ نوشاد عالم مصباحی کے دولت کدے پر رہا۔ حضرت مصباحی صاحب قبلہ کی قائم کردہ تاریخی جامع مسجد سیدنا شیخ عبد القادر کو دیکھنے کے بعد ان کے صاحب زادے محمد قادری کے گھر بھی حاضری ہوئی اور پھر دعاؤں کے ساتھ دیر رات واپسی ہوئی۔
اس سفر میں راقم السطور اور محب عالی مرتبت حضرت علامہ سید ارشد اقبال مصباحی اور دیگر علما کی کاوشوں سے تحریک اعزازی ممبر سازی میں 111 ممبرس کا ہدف رکھا گیا ہے۔
فقیر کی بھرپور کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ممبرس بڑھائے جائیں۔ 11 ممبرس محض آغاز ہے ان شاءاللہ تعالیٰ۔
مولی کریم عزوجل اپنے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ و علی آلہ وصحبہ أجمعين کے صدقے وطفیل مادرِ علمی الجامعۃ الاشرفیہ کو دن گیارہویں اور رات بارہویں ترقیوں سے ہمکنار فرمائے آمین۔
آج ضرورت اس بات کی ہے ہم سب اس تحریک کو فروغ دیں اور اپنے اپنے حلقہ احباب سے زیادہ سے زیادہ اعزازی ممبرس بناکر مادر علمی کا حقِ نمک ادا کریں۔
ہمیں چاہیئے کہ ہم سب مل کر یک آواز ہوجائیں اور حافظِ ملت علیہ الرحمہ کے مشن کے فروغ اور استحکام میں اپنا حصہ ڈالیں اور پوری دنیا میں مسلک اعلی حضرت کی خدمت اور اور تبلیغِ دین کی دھوم مچادیں۔
کیوں رضا آج گلی سونی ہے
اٹھ مرے دھوم مچانے والے
Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia
All rights reserved
05462-250092
info@aljamiatulashrafia.org