27 July, 2024


Book: The Monthly Ashrafia March 2023 Download:Click Here Views: 82246 Downloads: 3367

(23)-صداے بازگشت

اڈانی بحران اور وضاحت طلب امور

مکرمی!ممکن ہے مرکزی حکومت یہ جانتے ہوئے کہ اس کوشش میں زیادہ کامیابی نہیں مل سکتی، اڈانی گروپ کے بحران کو ایک کمپنی یا کمپنیوں کے ایک گروہ کا بحران باور کرانا چاہتی ہوتا کہ اس گروپ کے سر براہ سے وزیر اعظم کی دیرینہ قربت کو مکمل طور پر ذاتی معاملہ قرار دیا جا سکے اور بین السطور یہ تاثر دیا جائے کہ اس سے قومی معیشت پر اثر نہیں پڑے گا۔ مگر کیا ایسا ممکن ہے؟

اس گروپ کے قبضے میں ملک کے ہوائی اڈے ہیں، بندرگا ہیں ہیں ، یہ ملک کا دوسرا سب سے بڑا سیمنٹ ساز ادارہ ہے، جن گوداموں میں اناج ذخیرہ کیا جاتا ہے اُن کی ایک تہائی تعداد بھی اسی گروپ کے قبضے میں ہے، کوئلہ کی تجارت بھی بڑی حد تک اسی کے ہاتھوں میں ہے، ملک کے طول و عرض میں فراہم کی جانے والی بجلی کا ۲۰ فیصد اس گروپ کے ذریعہ سپلائی ہوتا ہے اور پھر یہ کیوں بھولیں کہ یہ گروپ ملک کے انفراسٹرکچر پر بھی چھایا ہوا ہے۔ تجارتی اعتبار سے ملک کا اتنا بااثر اور یدطولیٰ رکھنے والا گروپ شدید مالی بحران اور شدید تر مالی و اقتصادی الزامات کے نرغے میں ہے تو کون اس تاثر کو قبول کرےگا کہ اس گروپ کے دن یہ دن ڈوبنے کی وجہ سے قومی معیشت متاثر نہیں ہوگی ؟

گروپ کی جن کمپنیوں کی وجہ سے ان کے سر براہ اعلیٰ گوتم اڈانی دُنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کہلائے ، وہ کمپنیاں اگر ڈوبنے لگیں تو قومی معیشت کی نیا کیسے پارلگ سکے گی یہ سمجھانے کی اس لیے ضرورت نہیں ہے کہ یہ خود سمجھ میں آنے والی بات ہے۔ جو کچھ سمجھ میں آرہا ہے اسے ملک اور بیرون ملک کے سرمایہ کار اور کسی نہ کسی سطح پر ان کمپنیوں سے وابستہ لوگ ذہن سے نکالنے کی کوشش کر سکتے تھے اگر حکومت زائد از ایک ماہ کے دوران منظر عام پر آنے والی خبروں پر اپنے موقف کا اظہار کرتی۔ یہ بہت اہم اور بڑی ذمہ داری تھی جسے نبھانے کی کوشش کی گئی ہوتی تو ممکن تھا کہ تذبذب کی کیفیت بدلتی اور لوگ حکومت کی بات پر بھروسا کرتے۔ یہ بھروسا ایک طرح کی ضمانت ثابت ہوتا مگر افسوس کہ حکومت ہنوز خاموش ہے۔ اس سے ہنڈن برگ کے انکشافات کو تقویت ملتی رہی اور اب بھی مل رہی ہے۔ اڈانی گروپ نے کہا تھا کہ وہ ہنڈن برگ کے خلاف مقدمہ دائر کرےگا، وہ بھی نہیں ہوا۔ اس سے بھی مذکورہ انکشافات ہی کا وزن بڑھا۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ مارکیٹ نے ہنڈن برگ کی رپورٹ پر بھروسا کیا، اڈانی کی وضاحت پر نہیں کیا ، ورنہ بازار جس طرح ٹوٹا، ہرگز نہ ٹوٹتا۔

حکومت تو چپ ہے مگر کیا نگراں ادارہ فعال ہے؟ اور اپنا فرض نبھا رہا ہے؟ چند ایک خبروں سے یہ علم ہوتا ہے کہ سیبی تفتیش کر رہا ہے مگر کیا تفتیش کر رہا ہے، اس نے کب تفتیش شروع کی اور اس کی تفتیش کن امور پر مرکوز ہے وغیرہ کی تفصیل سے کوئی آگاہ نہیں ہے۔ اگر یہ ایک گروپ کا معاملہ تھا تو سیبی کو حرکت جیسی حرکت میں آنا چاہیے تھابا لخصوص ایسے معاملے میں جس کا تعلق اندرون ملک تک محدود نہیں ہے۔ اس سے ملک کا شیئر مارکیٹ متاثر ہو چکا ہے جب کہ معاشی ساکھ کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ نئے سرمایہ کار کیا سوچ کر سرمایہ لگائیں گے ، یہ الگ سوال ہے۔ اسرائیل نے حیفہ ایئر پورٹ کے تعلق سے صاف کر دیا ہے کہ اڈانی گروپ سے تجارتی رشتہ بحال رہے گا مگر برطانیہ اور آسٹریلیا نے ہنڈن برگ کے انکشافات کی جانچ کا اشارہ دیا ہے۔ اگر حکومت خاموش نہ رہتی تو ان دو ملکوں کے لیے بھروسے کی گنجائش نکل سکتی تھی۔ بہر کیف ، بعد از خرابی بسیار ہی سہی ، حکومت پر خاموشی توڑ نالازم ہے۔ از: روز نامہ انقلاب لکھنؤ

دعائے  خیر و عافیت فرمائیں

بسم اللہ الرحمن الرحیم

نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین

خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین۔

  اس وقت عالمی سطح پر گستاخیاں اور بے باکیاں ہو رہی ہیں ۔ ازلی بد بخت اور بد طینت  سرکاری سطح پر ہمارے پیارے نبی آخرالزماں حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  اور ان پر نازل ہونے والی آخری آسمانی کتاب قرآن کریم کی بے حرمتی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اس پر عالم اسلام سراپا احتجاج ہے لیکن اب محض مذمت نہیں ان حرام زادوں کی مرمت کی بھی ضرورت ہے۔ اے کاش ہمارے مسلم حکمران  غیرت و حمیت  کاثبوت دیتے ہوئے ان گستاخ ملکوں کا عملی بائیکاٹ کرتے اور سرکاری سطح پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرتے لیکن افسوس ایسا نہیں ہوا۔ ان کی گستاخیوں اور بے باکیوں پر دل خون کے انسو روتا ہے۔ سہ ماہی مجلہ ”خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم“ (انٹر نیشنل) کی پروف ریڈنگ جاری ہے الحمدللہ یہ بھی حسب روایت ختم نبوت کے حوالے سے ایک عظیم اور ضخیم نمبر بن گیا ہے  اہل ثروت احباب تعاون فرمائیں تاکہ اس کی شایانِ شان طباعت عمل میں آسکے۔ ناچیز ہیچ مدان ان دنوں طرح طرح کی پریشانیوں میں مبتلا ہے۔ اپنی طبیعت تو بحال ہورہی ہے لیکن لڑکے عزیزی مولوی سید محمد نعمان شاہ بخاری قادری ایک روڈ حادثے میں زخمی ہو گیا ہے اور بستر علالت پر پڑا ہوا ہے ۔ اس پریشانی کے عالم میں فقیر کے لکھنے پڑھنے کا کام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس کی صحت یابی کے لئے قارئین سے دعاؤں کی درخواست ہے ۔

 اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل اسے جلدی صحت کاملہ عاجلہ نافعہ مستمرہ عطا فرمائے اور ہم سب کو دنیا و آخرت میں کامیابی وکامرانی عطافرمائے اور ہماری کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت سے نوازے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ و اولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین ۔والسلام مع الاکرام ۔ دعا گو ودعا جو

احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ

برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان

مدیر اشرفیہ کے معروضات

فضیلة الشیخ حضرت سید صابر حسین شاہ بخاری قادری دامت بر کا تہم القدسیہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

  اللہ تعالیٰ اپنے خصوصی فضل و کرم سے ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ، علمی، دینی اور روحانی سعادتوں سے مسلسل سرفراز فرمائے ،مصروفیات تو رہتی ہیں، ان کا ذکر کرنا لاحاصل ہے، یہ ایک سچائی ہے کہ دنیا میں اہم ترین کام مصروف ترین افراد نے انجام دیا ہے، مگرمن آنم کہ من دانم اس میں اپنے ایک پیر کے فریکچر اور دیگر امراض نے بھی کچھ کرنے کی سکت نہیں رکھی، مگر واقعہ یہ ہے کہ  کوئی بھی کام کرنے کے لیے توفیق الٰہی لازمی ہوتی، اس کی مرضی کے بغیر ہم تنکا بھی نہیں اٹھا سکتے ، چند دنوں سے کچھ یہی حال اس گنہگار کا بھی رہا، اپنی کوتاہی پر ہم حد درجہ شرمسار ہیں۔ معذرت کے لیے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں مگر ہمیں آپ کی ذات ستودہ صفحات سے یقین ہے کہ آپ معاف فرمادیں گے۔ الاعتذار عند کرام الناس مقبول .

 اسی دوران آپ کا مسرت انگیز دعوت نامہ بھی موصول ہوا کہ دو فرزند عقد مسنون کی دولت سے سرفراز ہونے والےہیں۔  آپ کے قلم زرنگار سے اپنے فرزندوں کی پیشانیوں پر سہرا سجنے اور رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کی فرحت بخش خبر نے دل و جان معطر کر دیے ۔ ہماری قلبی دعا ہے اللہ عزوجل دونوں شہزادوں کو اپنی اپنی شریک حیات کے ساتھ تاعمر شادو آبا در کھے، صالح نسل سے مالا مال فرمائے ، سب کو عشق رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی دولت سے تابندہ رکھے، سب دین و سنیت کی زریں خدمات انجام دیتے رہیں۔

  ہمارے برادرِگرامی محب مکرم حضرت مولانا سید محمد نعمان شاه بخاری قادری اور دل و جگر کی ٹھنڈک برادر عزیز حضرت سید محمد ذیشان شاه بخاری قادری یہ دونوں خانوادۂ مصطفےٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے چشم و چراغ ہیں، ہمارے لیے قابل صد احترام ہیں۔ بریلی شریف کے سچے عاشق مصطفیٰ صلی اور تعالیٰ علیہ وسلم امام احمد رضا محدث بر یلوی قدس سرہ  اپنے اس شعر میں بڑے پتے کی بات کہہ گئے ہیں ؂

تیری نسل پاک میں ہے بچہ بچہ نور کا

تو ہے عین نور تیر اسب گھرانہ نور کا

بعد والی پوسٹ میں آپ نے اپنے فرزند ارجمند مولانا سید محمد نعمان شاہ بخاری قادری کے ایک ایکسیڈنٹ کی خبر سنائی ، یہ افسوس ناک خبرتھی اولاد کا غم والدین کریمین کو تڑپا دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ شافی مطلق ہے، اس کی ذات سے پر امید رہنا چاہیے، امید ہے کہ وہ صحت مند ہو چکے ہوں گے۔ آپ کی دعاؤں میں بھی بڑی تاثیر ہے ۔ آپ کے چاہنے والے تو پوری دنیا میں پائے جاتے ہیں اللہ تعالیٰ اپنے حبیب مصطفےٰ جانِ رحمت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے طفیل ہم سب کو قلبی اطمینان سے سرفراز فرمائے ، زبان و قلم سے دین و سنیت کی زریں خدمات انجام دینے کی توفیقات عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ حبیبہ سید المرسلین علیہ الصلوٰۃ والتسلیم

آپ کا محب۔احقر مبارک حسین مصباحی عفی عنہ

خادم التدريس والصحافة-جامعہ اشرفیہ مبارکپور، اعظم گڑھ یو پی انڈیا