29 March, 2024


تازہ ترین معلومات


مجلس شرعی کی جائزہ میٹنگ کامیاب رہی۔۔پچیسواں فقہی سیمینار آج سے شروع

مجلس شرعی جامعہ اشرفیہ ، مبارک پور کے پچیسویں فقہی سیمینار کی جائزہ میٹنگ شارح بخاری دارالافتاء میں۲۵؍ نومبر ۲۰۱۸ء اتوار ، صبح گیارہ بجے زیر صدارت صدر مجلس حضرت علامہ محمد احمد مصباحی منعقد ہوئی، جس میں اس سلور جبلی سیمینار کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ، موضوعات کی ترتیب اور نظام الاوقات کی تفصیل پر غور و خوض ہوا ۔ مجلس شرعی کو اس سیمینار میں ۱۰۵؍ مقالات موصول ہوئے ہیں جن کے صفحات کی کل تعداد ۴۴۳ ہے ، سمینارمیں چار اہم موضوعات پر بحث ہوگی اور اس کی کل پانچ نشستیں ہوں گی ، صبح کی نشست ساڑھے آٹھ بجے سے ایک بجے تک اور شام کی بعد مغرب تا گیارہ بجے ۔موضوعات بحث کی ترتیب یوں ہوگی: پہلی نشست: فاریکس ٹریڈنگ کی شرعی حیثیت ، دوسری : مٹیریل کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کے ساتھ تعمیر کا ٹھیکہ، تیسری: لائف سپورٹ سسٹم ، چوتھی تشریح اعضا کے لیے لاوارث لاشوں کی چیرپھاڑ، پانچویں پوسٹ مارٹم کی شرعی حیثیت ۔ علما و محققین و مفتیان کرام کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ واضح رہے کہ ۱۹۹۲ء میں جامعہ اشرفیہ میں مجلس شرعی کاقیام ہوا اور اس کے زیر اہتمام پہلا فقہی سیمینار اکتوبر ۱۹۹۳ء کو جامعہ میں منعقد ہوا ،اب تک کامیاب ۲۴؍ سیمینار وںمیں ستر سے زائد متفقہ فیصلے ہوئے ہیں ،اس سال کا سیمینار پچیسواں ہے جو ۲۷؍۲۸؍۲۹؍ نومبر ۲۰۱۸ء کو منعقد ہورہا ہے ۔ پوری مسلم دنیا مجلس شرعی کے فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔پہلے سیمینار میں الکحل اور اسپرٹ آمیز دواؤں کے استعمال سے متعلق فیصلہ ہوا کہ ان کا استعمال عموم بلویٰ کی حد تک پہنچ چکا ہے لہٰذا یہ جائز ہے ۔ اسی طرح بیمۂ زندگی کو چند شرطوں کے ساتھ خاص افراد کے لیے جائز ہونے کا فیصلہ سامنے آیا ، خاص شناختی کارڈ کے لیے فوٹو کھنچوانے کی بھی اجازت دی گئی ۔ یوں ہی مشترکہ سرمایہ کمپنی میں شرکت سے متعلق اہم فیصلہ ہوا کہ مساواتی حصص کے ذریعہ سرمایہ کاری عقود فاسدہ و سود کے دخل کی وجہ سے ناجائز ہے ۔ اسی طرح اپنے روپے دوسرے کے ہاتھ بیچنا اور اس کا خریدنا دونوں حرام ہے ۔ دسمبر ۹۹۴اء کے دوسرے سیمینار میں یہ فیصلہ ہوا ۔ مجلس نے اپنے چھٹے سیمینار میں ایک اہم فیصلہ اعضا کی پیوند کاری سے متعلق کیا کہ اپنی جان بچانے کے لیے اپنے عضو کا کوئی حصہ کاٹ کر دوسری جگہ لگانا، جائز ہے ، اسی طرح کسی عضو کو بچانے یا قابل منفعت بنانے کے لیے دوسرے عضو کا حصہ کاٹ کر لگانا ، جائز ہے ۔ نویں فقہی سیمینار میں علاج کے لیے انسانی خون کے استعمال کے بارے میں فیصلہ ہوا اور اس سلسلے میں چھ صورتوں کے اندر خون چڑھانے کی اجازت دی گئی ۔ گیارہویں سیمینار میں چھت سے سعی وطواف ، فقدان زوج کی مختلف صورتوں کے احکام ، فلیٹوں کی خرید وفروخت کے جدید طریقے زیر بحث آئے اور فیصلہ ہوا کہ کثیر منزلہ بلڈنگ تیار کرنے کے بعد اس کے حصوں کی فروخت اور خریداروں کا حسب استطاعت حصے کر مالک بننا اور تصرف کرنا جائز ودرست ہے ۔ ہمیں پوری امید ہے کہ مجلس شرعی کا یہ پچیسواں فقہی سمینار بھی بے طرح کامیابیوں سے ہمکنار ہوگا اور امت مسلمہجن مسائل میں الجھنوں کا شکار ہے اسے ان کا شافی حلپیش کیا جائے گا  ۔سیمینار میں ملک بھر سے سیکڑوں علما ومحققین و ارباب صحافت شریک ہورہے ہیں ۔ 

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved